چند ووٹوں کیلئے پاکستان کا بہترین وزیر اعلیٰ بھی قربان کر دیا گیا، شاہد خاقان عباسی

اسلام آباد ٗ لاہور(قدرت روزنامہ)مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پہلے یہ کہتے تھے کہ عثمان بزدار پنجاب کا بہترین وزیر اعلیٰ ہے ، پھر چند ووٹوں کے لئے پاکستان کا سب سے بہترین وزیر اعلیٰ قربان کر دیا گیا . میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نےکہا کہ پی ٹی آئی کی کرپشن کے سینکڑوں کیسز ہیں جن میں اربوں کی کرپشن ہے ، ن لیگ کے خلاف بنائے کیسز عوام کے سامنے رکھیں ، پی ٹی آئی کی کرپشن کا حساب بھی ہوگا لیکن عوام

کے سامنے ہوگا، ملک کے حالات دیکھ لیں، آئی ایم ایف کی رپورٹ پڑھ لیں تو آپ کو علم ہو جائے گا کہ ہم کتنے گہرے کھڈے میں گرے ہوئے ہیں اور حکمرانوں کی آنکھیں بند ہیں .

شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ عمران خان نے گزشتہ چار سال میں ہر معاملے پر یو ٹرن لیا ہے ، عمران خان بلیک میل نہیں ہوتے بلکہ یو ٹرن لیتے ہیں ، وہ غلط بیانی کرتے ہیں . پنجاب اپنی تاریخ کے نام نہاد بہترین وزیر اعلیٰ سے محروم ہو گیا ہے . دوسری جانب مسلم لیگ(ن) پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری نے فیاض چوہان کو عثمان بزدار کوہٹانے اورانکے جرائم کی لسٹ شیئر کرتے ہوئے کہاکہ کشتی ڈوبنے کی خبر ملنے کے ساتھ ہی فیاض چوہان بھی بل سے باہر نکل آئے ہیں،ہماری تیاری ہے یہ نہیں اب آپکو پتہ چل جائے گا،عثمان بزدار ساڑھے تین سال انڈرٹریننگ تھا اس لیے عدم اعتماد لائے . اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ عثمان بزدار نے بولنا نہیں کھانا اور کھلانا سیکھا یہی انکا سب سے بڑا جرم ہے . بنی گالہ اینڈ کمپنی کا سہولت کار بننا عثمان بزدار جرم نمبر دو ہے . فرح خان کے اشاروں پر اے سی اور ڈی پی او کے تبادلے کرنا عثمان بزدار کا جرم نمبر تین ہے . شہبازشریف کے خوشحال پنجاب کو کنگال پنجاب بنانا عثمان بزدار کا جرم نمبر چار ہے . قومی خزانے سے اپنے فیملی کو مہنگی شاپنگ اور نئی گاڑیاں خرید کردینا عثمان بزدار کا جرم نمبر پانچ ہے . جنوبی پنجاب کے عوام کو سیکرٹریٹ کے نام پر لالی اپ دینا عثمان بزدار کا جرم نمبر چھ ہے . جنوبی پنجاب کا مختص کردہ بجٹ فراڈ کارڈ پر خرچ کرنا عثمان بزدار کا جرم نمبر سات ہے . عثمان بزدار کے جرائم کی لسٹ طویل ہے جو گنوائی نہیں جاسکتی . عمران خان پاکستان کی تاریخ اور عثمان بزدارپنجاب کی تاریخ کے نالائق ترین مہرے ثابت ہوئے ہیں .

. .

متعلقہ خبریں