اسلام آباد(قدرت روزنامہ) فیصل آباد سے پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عاصم نذیر نے پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا . جمہوری وطن پارٹی کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی شاہ زین بگٹی نے ٹویٹر پر جاری بیان میں عاصم نذیر کے پی ٹی آئی چھوڑنے کا دعویٰ کیا .
شاہ زین بگٹی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی طرف سے سرپرائز کا سلسلہ شروع ہو گیا .
فیصل آباد سے رکن قومی اسمبلی چوہدری عاصم نذیر نے حکومت کو خیرباد کہہ دیا . شاہ زین بگٹی کے اس ٹویٹ کے بعد عاصم نذیر کی ن لیگ میں شمولیت کی خبریں بھی سامنے آ رہی ہیں . عاصم نذیر کی جانب سے ان خبروں کی تردید نہیں کی گئی . عاصم نذیر 2018ء میں آزاد حیثیت سے منتخب ہونے کے بعد پی ٹی آئی میں شامل ہوئے تھے .
گذشتہ روز آزاد رکن اسلم بھوتانی بھی ساتھ چھوڑ گئے .
اسلم بھوتانی کا حکومت سے علیحدگی کا بھی امکان ہے . لسبیلہ گودار سے منتخب آزاد رکن قومی اسمبلی اسلم بھوتانی کے اپوزیشن سے تمام معاملات طے پا چکے ہیں اور وہ اپوزیشن کا حصہ بنیں گے . اس سے قبل 2002 میں بلوچستان اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر اور 2018ء میں اسپیکر رہ چکے ہیں . اسلم بھوتانی بلوچستان کے سابق نگراں وزیراعلیٰ محمد صالح بھوتانی کے چھوٹے بھائی ہیں .
واضح رہے کہ گزشتہ روزعوامی جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ اور رکن قومی اسمبلی شاہ زین بگٹی نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کے بعد اپوزیشن کی حمایت کرتے ہوئے حکومت سے علیحدگی کا اعلان کر دیا تھا. حکومتی اتحادی شاہ زین بگٹی نے بلاول بھٹو کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم حکومت کے ساتھ ساڑھے تین سال چلے لیکن اب ہم پی ڈی ایم کے ساتھ ہیں سیاست میں اخلاقیات سے باہر گفتگو نہیں ہونی چاہیے انہوں نے کہا کہ حکومت نے سوائے وعدوں کے کچھ نہیں کیا حکومت نے تبدیلی کا نعرہ لگایا تھا اور وزیر اعظم نے کہا کہ بلوچستان اور جنوبی پنجاب پر فوکس کروں گا لیکن نہ وہ بلوچستان پہنچے نہ جنوبی پنجاب .