ترین گروپ کا پالیسی کو حتمی شکل دینے کا فیصلہ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) موجودہ سیاسی صورتحال میں حکمراں جماعت پی ٹی آئی کے جہانگیر ترین گروپ نے پالیسی کو حتمی شکل دینے کا فیصلہ کر لیا . جہانگیر ترین گروپ نے اس ضمن میں کل باضابطہ مشاورتی اجلاس لاہور میں طلب کر لیا .

ترین گروپ کے رہنما عون چوہدری کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ کل شام 5 بجے اسحاق خاکوانی کی رہائشگاہ پر اجلاس ہو گا .
انہوں نے بتایا کہ غیر رسمی مشاورت آج بھی جاری رہے گی تاہم باضابطہ اجلاس کل ہو گا . عون چوہدری نے کہا کہ کل کے اجلاس میں ارکانِ پنجاب اسمبلی اور وزراء کو مدعو کیا گیا ہے . پنجاب میں کس کی حمایت کرنی ہے اس حوالے سے پالیسی بنائی جائے گی . علاوہ ازیں اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے ترین گروپ کے رکن پنجاب اسمبلی و مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے ایکسائز سید رفاقت علی شاہ گیلانی نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی .

ملاقات میں رکن قومی اسمبلی حسین الٰہی، صوبائی وزیر حافظ عمار یاسر، سینیٹر کامل علی آغا اور چودھری گل زمان بھی موجود تھے . ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور پنجاب میں بدلتی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی . سید رفاقت علی شاہ گیلانی نے چودھری پرویزالٰہی کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی . دوسری جانب حکومتی ٹیم نے جہانگیر ترین گروپ سے رابطہ کرتے ہوئے انہیں اہم وزارتوں کی پیشکش کر دی .
وزیر دفاع پرویز خٹک اور وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے عون چوہدری سے فون پر رابطہ کیا، حکومتی ٹیم نے ترین گروپ سے حکومتی فیصلوں کو سپورٹ کرنے کی درخواست کی . گفتگو میں پرویز خٹک نے کہا کہ آپ کے مطالبات تسلیم ہو چکے، اب پارٹی اقدامات کی حمایت کریں اور اہم وزارتیں بھی دی جائیں گی . انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ دیگر تحفظات کو بھی فوری طور پر دور کیا جائے گا . دوسری جانب، چوہدری پرویز الٰہی اور مونس الٰہی سے بھی عون چوہدری کا 24 گھنٹے میں دوسرا رابطہ ہوا . ٹیلی فونک رابطے میں بات چیت ہوئی کہ وزیر اعلیٰ کے منصب کے لیے ترین گروپ چوہدری پرویز الٰہی کی حمایت کرے . عوان چوہدری نے کہا کہ ترین گروپ جلد حتمی مشاورت میں اپنا لائحہ عمل کا اعلان کرے گا .

. .

متعلقہ خبریں