سورج آگ برسانے کو تیار‘ رمضان المبارک کے پہلے عشرے میں موسم شدید گرم رہنے کا امکان

لاہور (قدرت روزنامہ) ملک کے بیشتر علاقوں میں رمضان المبارک کے پہلے عشرے میں موسم شدید گرم رہنے کا امکان ظاہر کردیا گیا . تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی طرف سے ملک کے بیشتر علاقوں میں آئندہ 10 دنوں تک درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ہوا کے زیادہ دباؤ کے باعث ملک کے بیشتر علاقوں میں آ نے والے دنوں کے دوران دن کے درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے کی توقع ہے ، اس دوران سندھ ، جنوبی پنجاب ، وسطی اور جنوبی بلوچستان میں دن کا درجہ حرارت 09 سے 11 ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے .


اسی طرح بالائی پنجاب ، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد ، صوبہ خیبرپختونخوا ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی دن کے وقت درجہ حرارت میں معمول سے 08 سے 10 ڈگری سینٹی گریڈ اضافے کی توقع کیا جارہی ہے جب کہ ہفتہ اور اتوار کو بالائی خیبر پختونخوا ، مری ، گلیات ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ، اس دوران اسلام آباد، اٹک، چکوال اور جہلم میں آندھی، تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہوسکتی ہے .

محکمہ موسمیات نے ہفتہ 2 اپریل کو رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا پہلا روزہ اتوار 3 اپریل کو ہوگا کیوں کہ رمضان کے نئے چاند کی پیدائش یکم اپریل کو ہوگی ، جس کی وجہ سے اس بات کا قوی امکان ہے کہ 2 اپریل یعنی 29 شعبان کو رمضان المبارک کا چاند نظر آجائے گا ، جس کا مطلب ہے کہ رمضان المبارک کا آغاز ممکنہ طور پر 3 اپریل کو ہوگا .
ادھر رویتِ ہلال ریسرچ کونسل کے سیکرٹری جنرل خالد اعجاز مفتی نے کہا ہے کہ ملک میں پہلاروزہ اتوار 3اپریل اور عیدالفطر 3مئی کوہوگی ، رمضان کے چاند کی پیدائش یکم اپریل کو دن گیارہ بجکر 24منٹ پر ہو گی، 29 شعبان 2 اپریل کی شام غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر کم از کم 19 گھنٹے ہونی چاہیے، پاکستان کے اکثر علاقوں میں 31 گھنٹوں سے بھی زائد ہو چکی ہوگی .
ریسرچ کونسل کے مطابق غروبِ شمس اور غروب قمر کے درمیان فرق مظفر آباد، گلگت اور پشاور میں 70 منٹ، راولپنڈی ، اسلام آباد 69 ، لاہور 68 ، کوئٹہ 69 ، کراچی میں 67 منٹ ہو گا جس علاقے میں بھی مطلع صاف ہو گا ، ہلال کی رویت باآسانی ہو جائے گی اور رمضان المبارک کا آغاز اتوار 3 اپریل سے ہو گا . ریسرچ کونسل نے بتایا ہے کہ شوال کا چاند ہفتہ 30 اپریل اور اتوار یکم مئی کی درمیانی رات ایک بجکر 28پر پیدا ہو گا ، یکم مئی 29 رمضان المبارک کی شام غروبِ آفتاب کے وقت نئے چاند کی عمر پاکستان کے تمام علاقوں میں 18 گھنٹوں سے بھی کم ہو گی، نیز غروبِ شمس اور غروبِ قمر کا درمیانی فرق 40 منٹ سے کم ہوگا لہٰذا پاکستان میں ہلال کی رویت اس شام ٹیلی اسکوپ سے بھی ممکن نہیں ہو گی ، اِس طرح یکم شوال المکرم یعنی عید الفطر 30 روزے مکمل کرنے کے بعد منگل 3 مئی کو ہوگی .

. .

متعلقہ خبریں