لاہور (قدرت روزنامہ) پاکستان کے اوپننگ بلے باز امام الحق جمعرات کو ریکارڈ بک میں داخل ہوگئے جب وہ اپنے کیریئر میں 9ویں ون ڈے سنچری تک پہنچنے والے دنیا کے تیز ترین بلے باز بن گئے . امام الحق نے لاہور میں آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ون ڈے کے دوران سنچری بنائی، یہ سیریز میں ان کی لگاتار دوسری اور مجموعی طور پر 9ویں ون ڈے سنچری تھی، انہوں نے نویں ون ڈے سنچری بنانے کے لیے سب سے کم اننگز کھیلنے والے جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ کو پیچھے چھوڑ دیا .
26 سالہ اوپننگ بلے باز نے اپنے ون ڈے کیریئر کی 48ویں اننگز میں یہ سنگ میل عبور کیا . ہاشم آملہ نے 52 اننگز میں اپنی نویں سنچری اسکور کی تھی، کوئنٹن ڈی کاک نے 53 اور بابر اعظم نے 61 اننگز میں ون ڈے میں سنچری بنائی تھی .
بائیں ہاتھ کے بلے باز نے اپنے کیریئر کی پہلی 48 اننگز کھیلنے کے بعد ون ڈے میں سب سے زیادہ مجموعی رنز بنانے میں لیجنڈ ظہیر عباس کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے .
قذافی سٹیڈیم ،لاہور میں اپنی تھری فیگر اننگز کے دوران امام نے ظہیر عباس کے 48 اننگز میں 2,166 رنز کا ریکارڈ توڑ دیا . امام کے اب 2200 سے زیادہ رنز ہیں . امام سے زیادہ مجموعی رنز بنانے والے دنیا کے واحد کرکٹر جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ ہیں - جنہوں نے اپنے کیریئر کی پہلی 48 اننگز میں بلے بازی کے بعد 2,462 رنز بنائے تھے .
. .