اسلام آباد (قدرت روزنامہ) چئیرمین سینیٹ کا الیکشن کالعدم قرار دینے کی انٹراکورٹ اپیل مسترد کر دی گئی . اسلام آباد ہائیکورٹ نے یوسف رضا گیلانی کی اپیل مسترد کرتے ہوئے چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے انتخاب کو درست قرار دیا .
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں بینچ نے محفوظ فیصلہ سنایا . جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمد جہانگیری نے فیصلہ جاری کیا .
عدالتی فیصلے کے بعد صادق سنجرانی ہی چئیرمین سینیٹ رہیں گے . یوسف رضا گیلانی نے چئیرمین سینیٹ الیکشن کالعدم قرار دینے کی انٹراکورٹ اپیل دائر کر رکھی تھی جب کہ سنگل بینچ نے یوسف رضا گیلانی کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر دی تھی . عدالت نے کیس دوبارہ سننے کے بعد گذشتہ روز اپیل پر فیصلہ محفوظ کیا تھا ، چئیرمین سینیٹ الیکشن میں پریزائیڈنگ افسر نے یوسف رضا گیلانی کے 7 ووٹ مسترد کیے تھے .
قبل ازیں اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری پر مشتمل ڈویژن بینچ نے چیئرمین سینیٹ الیکشن کالعدم قرار دینے کیلئے دائر انٹراکورٹ اپیل پرکیس جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے کی درخواست پر سماعت کی تھی . وکیل درخواست گزار فاروق ایچ نائیک اور جاوید وینس عدالت میں پیش ہوئے ،عدالت نے جلد سماعت کی درخواست منظور کرتے ہوئے 28 مارچ کو مقرر کی تھی .
فاروق نائیک نے عدالت کو بتایا جو سیاسی صورتحال چل رہی ہے اور سننے میں آراہ ہے کہ سپیکر ممبران کو نااہل قرار دے سکتے ہیں اپوزیشن نے اجلاس طلب کرنے کی درخواست دے دی ہے جس کی ڈیڈ لائن 22 کو ختم ہو رہی ہے جس کے بعد عدم اعتماد کی تحریک پیش کرنے کیلئے 7 دن معیاد ہے جوکہ 29 کو ختم ہو گی انھوں نے عدالت سے استدعا کی کہ 29 مارچ کی تاریخ سے قبل درخواست پر سماعت کی جائے ریکارڈ اگر منگوا لیا جائے جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اس وقت ریکارڈ کی ضرورت نہیں ہے،اگلے ہفتے میں سرکاری چھٹیاں ہے پہلے ورکنگ ڈے میں درخواست مقرر کر دیتے ہیں .