اپوزیشن کے چہرے پہلے کرپشن میں لتھڑے ہوئے تھے اب انکے گلے میں ملک کیخلاف سازش کا طوق بھی ہے ‘ مسرت جمشید چیمہ
لاہور(قدرت روزنامہ) تحریک انصا ف پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے جو کالے کرتوت کئے ہیں اب یہ رات کے اندھیرے میں ہی پریس کانفرنسز کریں گے ،پہلے ان کے چہرے کرپشن میں لتھڑے ہوئے تھے اب ان کے گلے میں ملک کے خلاف سازش کا طوق بھی لٹکا ہوا ہے . صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مریم صفدر صاحبہ کرپشن کے بعد ملک کے خلاف سازش کرنا بھی آپ کے گلے کا طوق بن گیا ہے ،(ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کی سیاست کن کے سہارے چلتی ہے سب آشکار ہو چکا ہے .
انہوں نے کہا کہ جب اپوزیشن کو خط دیکھنے کیلئے قومی سطح کی حامل کمیٹی میں بلایا گیا تو کیوں راہ فرار اختیار کی گئی ، اس سے صاف ظاہر ہے کہ آپ اس سازش میں ملوث تھے . انہوں نے کہا کہ مریم صفدر صاحبہ عام انتخابات میں انڈے اور ٹماٹر کسے پڑیں گے یہ آپ اچھی طرح جانتی ہیں، سیاست کو آلودہ کرنے والے آج دودھ کے دھلے ہوئے بننے کی کوشش کر رہے ہیں . انہوںنے کہا کہ ملک کے خلاف عالمی سازش کا حصہ بننے والے عام انتخابات میں عوام کو منہ نہیں دکھا سکیں گے، عام انتخابات میں ان شا اللہ تحریک انصاف دوتہائی اکثریت حاصل کرے گی اور منشور کے مطابق احتساب کا عمل جاری رہے گا .
. .