عمران خان خزانے میں 22 ارب ڈالرز چھوڑ کر گیا، شہبازگل

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء شہبازگل نے کہا ہے کہ خان خزانے میں 22 ارب ڈالرز چھوڑ کر گیا، کل تک ملک کو بھکاری کہنے والا آج تنخواہیں اور پنشن میں اضافہ کررہا ہے . انہوں نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں نومنتخب وزیراعظم شہبازشریف کو کرائم منسٹر کہتے ہوئے کہا کہ مقصود چپڑاسی کے پاٹنر نے آتے ہی خزانہ لوٹانا شروع کردیا، خان خزانے میں 22 ارب ڈالرز چھوڑ کر گیا، کل تک ملک کو بھکاری کہنے والا آج تنخواہیں اور پنشن میں اضافہ کررہا ہے .


یاد رہے پاکستان کے نومنتخب وزیراعظم میاں محمد شہبازشریف نے آج اپنے پہلے خطاب میں اعلان کیا کہ یکم اپریل سے کم سے کم ماہانہ اجرت 25 ہزار روپے کررہے ہیں، ماہانہ اجرت میں اضافے کا اطلاق اسی ماہ سے ہوگا، صوبوں کے تعاون سے ضروری قانونی کارروائی کریں گے .

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ترقی کے نئے دور کا آغاز کررہے ہیں، سرمایہ کاروں سے درخواست کی ہے کہ ایک لاکھ روپے تک تنخواہوں میں10 فیصد تک اضافہ کریں، پنشن بھی10 فیصد اضافہ کریں گے .

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے بدھ کو پشاور میں تاریخی جلسہ کرنے کا اعلان کردیا، سینیٹر فیصل جاوید نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ پشاور تیارہو؟ چیرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان انشاء اللہ پرسوں بدھ کے روز خیبرپختونخوا کے دارلحکومت پشاور میں جلسے سے خطاب کریں گے . انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت نامنظور عوام اب نئے انتخابات کا مطالبہ کر رہے ہیں- انشاء اللہ منزل قریب ہے پاکستان، ایک خوددار پاکستان . پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے کہا کہ کراچی تیار ہو جاؤ، خان آ رہا ہے، اتوار 17 اپریل مزار قائد، انشاءاللہ پاکستان دیکھے گا کراچی اپنے لیڈر عمران خان کے ساتھ ایک خوددار خودمختار پاکستان کے لئے کھڑا ہے .

. .

متعلقہ خبریں