سندھ

سکیورٹی اداروں نے کراچی میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا

کراچی(قدرت روزنامہ) سکیورٹی اداروں نے بروقت کاروائی کرکے کراچی میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا، کراچی شیرشاہ سے کالعدم تنظیم کے 2 دہشتگرد گرفتار کرلیے، دہشت گرد بھارتی خفیہ ایجنسی کیلئے کام کرتے ہیں، ملزمان ریلوے ٹریک، کوئلہ ٹرین اور گیس لائن کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔ تفصیالت کے مطابق کراچی میں شیرشاہ سے کالعدم تنظیم کے 2 مبینہ دہشت گرد گرفتار کرلیے گئے۔ مبینہ دہشت گردوں سے 2 دستی بم، ملک دشمن لڑیچر پر مبنی سی ڈیز برآمد ہوئی ہیں۔

ایس ایس پی کیماڑی فدا حسین کا کہنا ہے کہ گرفتار مبینہ دہشت گرد پڑوسی ملک کی خفیہ ایجنسی کے لیے کام کرتے ہیں، مبینہ دہشت گرد سوشل میڈیا پر نوجوانوں کی ذہن سازی میں بھی ملوث ہیں۔ ملزموں نے ریلوے ٹریک، کوئلہ ٹرین اور گیس لائن کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کی۔ مبینہ دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران کی ریکی بھی کررہے تھے، مبینہ دہشت گردوں کو حساس ادارے کی مدد سے پکڑا گیا۔ اسی طرح گزشتہ روز بھی سکیورٹی اداروں نے بروقت کاروائی کرکے دہشتگردی کی منصوبہ بندی ناکام بنائی تھی،

سی ٹی ڈی نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں مختلف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیے، خفیہ آپریشن کے دوران لاہور سے کالعدم دہشتگرد تنظیم القاعدہ سے تعلق رکھنے والے3 دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا، ان دہشتگردوں میں محمد فرحان ، محمد ارشد اور مظہر عباس شامل ہیں۔ گرفتار دہشتگرد حکومتی تنصیبات کو نشانہ بنانے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔ اسی طرح لاہور سے تحریک طالبان پاکستان سے تعلق رکھنے والے دہشتگرد عطاالرحمان کو لاہور سے گرفتار کیا گیا، دہشتگرد عطاالرحمان کے قبضے سے چندہ جمع کرنے والی رسیدیں اور ممنوعہ لٹریچر برآمد کیا گیا ہے۔ اسی طرح مختلف کاروائیوں میں سرگودھا اور میانوالی سے کالعدم تنظیموں کے تعلق رکھنے والے 12 ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا۔

متعلقہ خبریں