امریکی صدر پاکستانی وزیراعظم کو فون کریں گے؟وائٹ ہاؤس کا جواب دینے سے گریز

واشنگٹن(قدرت روزنامہ) وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری جین ساکی نے امریکی صدر کے نومنتخب پاکستانی وزیراعظم کو فون کرنے کے سوال کا جواب دینے سے گریز کیا ہے . فرانسیسی خبر رساں ایجنسی ( اے ایف پی ) کے مطابق پیرکو شہباز شریف کے وزیر اعظم منتخب ہونے کے چند گھنٹے بعد وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری جین ساکی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ' ایک جمہوری پاکستان امریکا کے مفادات کے لیے اہم ہے .


خبررساں ایجنسی کے مطابق وائٹ ہاؤس میں ایک پریس بریفنگ میں ساکی نے کہا کہ 'ہم آئینی جمہوری اصولوں کی پرامن عملدرآمد کی حمایت کرتے ہیں' . وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری نے مزیدکہا کہ امریکا یقینی طور پر قانون کی حکمرانی اور قانون کے تحت مساوی انصاف کے اصولوں کی حمایت کرتا ہے .

ساکی نے مزید کہا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ اپنے دیرینہ تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اس نے ہمیشہ ایک خوشحال اور جمہوری پاکستان کو امریکی مفادات کے لیے اہم سمجھا ہے ،خواہ قیادت کوئی بھی ہو اس میں کوئی تبدیلی نہیں آتی .

خبررساں ایجنسی کے مطابق پریس بریفنگ میں ساکی سے ایک سوال کیا گیا کہ کیا بائیڈن شہباز شریف کو فون کریں گے؟ جس کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مستقبل میں فون کالز کے لحاظ سے، میرے پاس اس وقت کہنے کیلئے کچھ نہیں ہے . واضح رہے کہ قومی اسمبلی نے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو نیا قائد ایوان منتخب کرلیا جس کے بعد شہباز شریف پاکستان کے 23 ویں وزیراعظم منتخب ہوگئے .
خیال رہےکہ نئے قائد ایوان کے لیے متحدہ اپوزیشن کی جانب سے شہباز شریف اور تحریک انصاف کی جانب سے شاہ محمود قریشی وزیراعظم کے امیدوار تھے تاہم پی ٹی آئی کی جانب سے بائیکاٹ کے بعد شہباز شریف واحد امیدوار رہ گئے تھے . پیر کو ایوان صدر میں منعقدہ تقریب حلف برداری میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بطور قائمقام صدر نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف سے حلف لیا .
تقریب میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمن، چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سمیت اتحادیوں جماعتوں کے اراکین اور نائب صدر مسلم لیگ (ن) مریم نواز بھی شریک تھیں . صادق سنجرانی نے وزیراعظم شہباز شریف کو حلف اٹھانے پر مبارک باد دی . قبل ازیں شہباز شریف متحدہ اپوزیشن کے امیدوار کی حیثیت سے 174 ووٹ سے پاکستان کے 23 ویں وزیراعظم منتخب ہوئے تھے اور سیکرٹری قومی اسمبلی نے شہباز شریف کا وزیراعظم کی حیثیت سے نوٹیفکیشن جاری کردیا تھاجس کے بعد ایوان صدر سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی علیل ہیں اور ڈاکٹروں نے چند دنوں کیلئے آرام کا مشورہ دیا ہے،صدر مملکت کی علالت کے باعث چیئرمین صادق سنجرانی نے بطور قائمقام صدر نومنتخب وزیراعظم سے حلف لیا .

. .

متعلقہ خبریں