آرٹیکل63اے، نااہلی کی مدت کے تعین کیلئے صدارتی ریفرنس سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) سپریم کورٹ آف پاکستان نے آرٹیکل 63اے کے تحت نااہلی کی مدت کے تعین کیلئے صدارتی ریفرنس سماعت کیلئے مقرر کردیا، چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بنچ 18اپریل کوسماعت کرے گا . جیو نیوز کے مطابق آرٹیکل 63اے کی تشریح اور نااہلی کی مدت کے تعین کیلئے صدارتی ریفرنس سماعت کیلئے مقرر کردیا گیا، چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بنچ سماعت کرے گا .


آرٹیکل 63اے کے تحت نااہلی کی مدت کے تعین کیلئے صدارتی ریفرنس کی سماعت اٹھارہ اپریل ہوگی . گزشتہ سماعت پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے صدارتی ریفرنس کی سماعت ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی . یاد رہے گزشتہ دنوں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے منحرف ارکان سے متعلق صدارتی ریفرنس میں سپریم کورٹ کا فل کورٹ بنانے کی استدعا کی گئی تھی .

تحریک انصاف کی طرف سے بابراعوان نے عدالت عظمیٰ میں متفرق درخواست دائر کی جس میں کہا گیا کہ سماعت کرنے والا بنچ سوموٹو کیس میں آرٹیکل63 اے پر اپنی رائے دے چکا ہے، بنچ کی رائے آنے کے بعد لازمی ہوگیا کہ ریفرنس پر سماعت فل کورٹ کرے، اس سے پہلے عدالت اٹھارہویں ترمیم اور بھٹو ریفرنس میں بھی فل کورٹ تشکیل دے چکی ہے .

قبل ازیں سپریم کورٹ آف پاکستان نے صدارتی ریفرنس پر معانت کیلئے تمام صوبوں کو نوٹس جاری کر دیئے تھے ، چیف جسٹس عمرعطا بندیال نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ رکن کی جانب سے ڈالا ووٹ شمار نہ ہونا ووٹ کی توہین ہوگی، اصل معاملہ نااہلی کی مدت کا ہے، آرٹیکل 63 اے کی روح کو نظر انداز نہیں کرسکتے، جتنا مرضی غصہ ہو پارٹی کے ساتھ کھڑے رہنا چاہیے، ایسے معاملات پارلیمنٹ میں حل ہونے چاہئیں .

. .

متعلقہ خبریں