عمران خان کو طیارہ فراہم کرنے والی کمپنی پر احسن اقبال برس پڑے

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) مسلم لیگ ن کے رہنماء احسن اقبال پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو کراچی جلسے میں شرکت کے لیے چارٹر طیارہ فراہم کرنے والی کمپنی پر برس پڑے . تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز عمران خان نے کراچی جلسے میں شرکت کے لیے چارٹر طیارے کا استعمال کیا جس کے ذریعے وہ اسلام آباد سے کراچی پہنچے ، اس حوالے سے مسلم لیگ ن کے رہنماء احسن اقبال نے ایک تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی جس میں سابق وزیر اعظم عمران خان اور پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے پیچھے ایک طیارہ کھڑا دکھائی دے رہا ہے .


سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے اپنے پیغام میں کہا کہ اینگرو کارپوریشن کی جانب سے انتہائی غیر پیشہ ورانہ رویہ دیکھنے میں آیا ہے کہ ایک سیاسی جماعت کا لیڈر حکومت مخالف ریلی کے لیے ان کا طیارہ استعمال کر رہا ہے ، یہ طیارہ چارٹر تھا یا اسپانسرڈ اس سے ہٹ کر برائے مہربانی ایک عوامی کمپنی ہونے کی حیثیت سے اپنی حدود کو جانیں‘ یہ ذاتی جاگیر نہیں ہے .

دوسری طرف کراچی جلسے کے بعد واپسی پر سابق وزیراعظم عمران خان کا طیارہ فنی خرابی کا شکار ہوگیا ، جس کی وجہ سے عمران خان تاخیر سے ایک دوسری کمپنی کے چارٹر طیارے کے ذریعے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوئے ، ذرائع کا دعویٰ ہے کہ عمران خان کے چارٹر طیارے کے لیے رقم دبئی میں مقیم پاکستانی بزنس مین نے دی تھی . قبل ازیں سابق وزیر اعظم نے کراچی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نہ بھارت، نہ یورپ اور نہ ہی امریکہ کے خلاف ہوں، دوستی سب سے چاہتا ہوں غلامی کسی کی نہیں چاہتا .
عمران خان نے کہا کہ ہمارے ملک کے خلاف جو سازش ہوئی اس کا بتانا چاہتا ہوں کہ یہ مداخلت تھی یا سازش تھی ، بہت بڑے سطح پر ہمارے ملک کے خلاف عالمی سازش ہوئی، بیرونی سازش بھی ہے اور اندرونی بھی اور اس سازش کے نتیجے میں ایک میر جعفر کو ہمارے اوپر مسلط کیا گیا، ین چار ماہ پہلے پتا چلا کہ امریکہ سفارت خانے میں اپوزیشن سے ملاقاتیں شروع کیں ، ہماری پارٹی کے لوٹا ہونے والے ارکان سے بھی امریکہ کے سفارتخانے میں ملاقاتیں کی گئیں ، کئی صحافی جو اس سازش میں شریک تھے انہوں نے بھی امریکی سفارت خانے میں ملاقاتیں کیں ، لوگوں نے کہا کہ تمہاری جان کو خطرہ ہے، مگر میری جان اتنی ضروری نہیں جتنی قوم کی آزادی ضروری ہے .

. .

متعلقہ خبریں