پنجاب حکومت کا فری انٹرنیٹ سروس پھر سے بحال کرنے کا اعلان
لاہور (قدرت روزنامہ)پنجاب حکومت نے فری انٹرنیٹ سروس پھر سے بحال کرنے کا اعلان کردیا، 5 اضلاع میں فری وائی فائی سروس دوبارہ بحال کی جائے گی،ان اضلاع میں لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی،ملتان اور بہاولپور شامل ہیں۔ سماء نیوز مطابق پنجاب حکومت نے پانچ اضلاع میں فری انٹرنیٹ سروس بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت 5 اضلاع لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی،ملتان اور بہاولپور میں فری وائی فائی سروس دوبارہ بحال کی جائے گی۔ جی این این نیوز کے مطابق ترجمان پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کا کہنا ہےکہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی کو منصوبے پر کام شروع کرنے کی ہدایات مل گئی ہیں۔
جس کے باعث منصوبے پر کام کاآغاز جلد کر دیا جائے گا۔دوسری جانب 20 مئی کو قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ حکومت ملک میں 5 جی ٹیکنالوجی شروع کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ جمعہ کو وقفہ سوالات کے دور ان کابینہ ڈویژن نے تحریری جواب میں بتایاکہ حکومت ملک میں 5 جی ٹیکنالوجی شروع کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ بتایاگیاکہ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی ، پی ٹی اے سمیت دیگر اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے پالیسی گائیڈ لائنز کی منظوری دیدی۔ کابینہ ڈویژن نے کہا کہ 5 جی ٹیکنالوجی کیلئے کوئی مشاورتی خدمات حاصل نہیں کی گئیں، پاکستان میں موبائل صارفین کی تعداد 19 کروڑ34 لاکھ ہوگئی۔
اسی طرح قومی اسمبلی کو وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جانب سے بتایا گیا کہ اس وقت ملک کے 89 فیصد حصہ میں فور جی ٹیکنالوجی فراہم کی جارہی ہے، آئندہ چھ ماہ تک ملک بھر میں فور جی ٹیکنالوجی کا نیٹ ورک مکمل کرلیا جائے گا۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران ڈاکٹر شازیہ ثوبیہ کے سوال کے جواب میں وزیر پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی سابق حکومت نے فور جی کی سہولت کا آغاز کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اس وقت 89 فیصد حصہ میں فور جی کی سہولت موجود ہے۔ پہلے کمپنی کے ساتھ ضلع اور تحصیل ہیڈ کوارٹر کی سطح پر فور جی کی سہولت کی فراہمی کی سہولت کا معاہدہ 15 سال کا تھا۔ ملک کا ابھی تک 11 فیصد حصہ فور جی سے محروم ہے۔
ڈاکٹر درشن کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ آئندہ چھ ماہ تک ملک کے ہر حصہ تک فور جی کی سہولت فراہم کردی جائے گی تاہم سٹریٹجک لحاظ سے جہاں جہاں پابندی ہوگی وہاں یہ فراہم نہیں کی جائے گی۔ تحریری جواب میں بتایا گیا کہ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیلی کمیونیکیشن اور پی ٹی اے نے دیگر فریقین کی مشاورت سے فائیو جی ٹیکنالوجی کے لئے پالیسی گائیڈ لائنز کو حتمی شکل دے دی تاہم اس حوالے سے اب تک کوئی مشاورتی خدمات حاصل نہیں کی گئیں۔