پاکستان

پاکستان کیلئے بڑی خوشخبری،انڈونیشیا فوری طورپر پاکستان کو خوردنی تیل فراہم کرے گا

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) پاکستان کیلئے بڑی خوشخبری،انڈونیشیا فوری طورپر پاکستان کو خوردنی تیل فراہم کرے گا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق 30 ہزار میٹرک ٹن خوردنی تیل سے بھرا پہلا بحری جہاز آج پاکستان روانہ ہو گاجبکہ خوردنی تیل سے بھرے 10 بحری جہاز آئندہ دو ہفتے میں پاکستان پہنچیں گے۔وزیراعظم نے 10 جون کو انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو سے ٹیلی فون پر گفتگو کی جبکہ وزیراعظم کی ہدایت پر پاکستانی وفد نے انڈونیشیا کا دورہ کیا ۔
وزارت تجارت سے کامیاب مذاکرات کے بعد انڈونیشیا فوری طورپر پاکستان کو خوردنی تیل فراہم کرے گا۔وزیر صنعت و پیداوار سید مرتضیٰ محمود نے انڈونیشیا کے ہم منصب سے معاملات طے کئے ہیں ۔ ،پاکستانی وفد کی درخواست پر انڈونیشیا کی وزارت تجارت نے تمام متعلقہ امور کو تیزی سے نمٹایا ،انڈونیشیا سے کل ڈھائی لاکھ میٹرک ٹن خوردنی تیل پاکستان کو فراہم کیا جا رہا ہے ۔

کچھ روز قبل درجہ اول کے گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں اضافہ رک نہ سکا، فی کلو قیمت میں مزید 25 روپے تک کا اضافہ ہو گیا تھا۔ کھانا پکانے کیلئے استعمال ہونے والے گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں ہر چند دن ہوشربا اضافہ ہونے کا سلسلہ جاری تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق درجہ اول کے گھی اور کوکنگ آئل کی قیمت میں15 سے 25 روپے کا اضافہ کیا گیا۔
درجہ اول گھی کی قیمت15روپے اضافے سے580 روپے جبکہ کوکنگ آئل کی قیمت 25روپے اضافے سے590 روپے کردی گئی تھی۔ درجہ اول گھی اور کوکنگ آئل فروخت کرنے والی تمام کمپنی کی جانب سے نئی قیمتوں کا فوری اطلاق کر دیا گیا تھا۔ خیال رہے کہ کچھ روز قبل ہی گھی کی قیمتوں میں 24 روپے کلو تک اضافہ کیا گیا۔ ہول سیل سطح پر گھی مزید مہنگا ہوچکا، جہاں درجہ اول کے گھی کی قیمت میں 20 روپے اضافہ ہوا اور نئی قیمت 566 روپے فی کلو ہوگئی جب کہ درجہ اول کا گھی پرچون میں 24 روپے مہنگا ہونے کے بعد 570 روپے فی کلو ہوچکا تھا، اسی طرح درجہ دوم گھی کی قیمت 14 روپے فی کلو اضافہ ہوا جس کے بعد فی کلو گھی کی نئی قیمت 550 روپے ہوگئی تھی۔
خیال رہے کہ اس سے پہلے ملک بھر میں یوٹیلیٹی اسٹورز پر بھی گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں اضافہ ہوچکا ہے، اسٹورز کارپوریشن کی جانب سے قیمتوں میں اضافے کے نوٹیفکیشن کے مطابق گھی کی فی کلو قیمت میں 208 روپے تک اضافہ ہوگیا ہے، جس کے بعد گھی کی فی کلو قیمت 555 روپے ہوگئی۔اسی طرح مختلف برانڈ کے کوکنگ آئل کی فی لیٹر قیمت میں 213 روپے اضافہ کردیا گیا، جس کے بعد یوٹیلیٹی اسٹورز پر کوکنگ آئل کی فی لیٹر قیمت 605 روپے تک پہنچ گئی، گھی اور کوکنگ آئل کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جون سے کیا گیا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق شہباز شریف حکومت کے 2 ماہ کے دوران گھی اور کوکنگ آئل کی فی کلو قیمت میں 200 روپے سے زائد کا اضافہ ہو چکا۔

متعلقہ خبریں