لاہور (قدرت روزنامہ) وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے ) نے منی لانڈرنگ کیس میں مونس الٰہی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا . مونس الہیٰ نے ایف آئی اے کے دفتر خود پیش ہونے کا فیصلہ کیا ہے .
انہوں نے کہا ہے کہ انہوں نے مجھے کیا گرفتار کرنا ہے میں خود ایف آئی اے کے دفتر جا رہا ہوں . ان میں شرم ہو گی تو مجھ سے سوالات پوچھیں گے .
پہلے بھی انتقامی کارروائیوں کا سامنا کر چکا ہوں . مونس الہیٰ نے کہا کہ لاہور سے باہر ہوں،ایف آئی آر کا میڈیا سے پتہ چلا . عموما ایف آئی آر سے پہلے نوٹس دیا جاتا ہے . انہوں نے براہ راست ایف آئی آر کاٹ دی . ہمیں پتہ تھا ان لوگوں نے یہ حرکتیں کرنی ہیں . مونس الہیٰ نے کہا کہ ن لیگ کچھ بھی کر لے عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں اور کھڑا رہوں گا .
مجھے جو کرنا ہوگا وہ میں کروں گا .
شریفوں کی اصلیت کو جانتے تھے اس لیے تو کسی لالچ میں نہیں آئے . خیال رہے کہ ایف آئی اے نے اہم شواہد اور ثبوت ملنے کے بعد چوہدری مونس الٰہی کے خلاف مقدمہ درج کرکے ان کیخلاف تحقیقات کا فیصلہ کر لیا ہے ، اس حوالے سے ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ مونس الہیٰ پر کرپشن اور منی لانڈرنگ کے سنگین الزامات ہیں ، اس اہم کیس میں پنجاب اسمبلی کے سیکرٹری محمد خان بھٹی کے دو قریبی ساتھیوں کو بھی حراست میں لیا گیا ہے، جن کے نام مظہر عباس اور نواز بھٹی بتائے جا رہے ہیں ، دونوں ملزموں کیخلاف کیس درج کرکے تحقیقات کا عمل شروع کر دیا گیا ہے .
ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار شخص نواز بھٹی پنجاب اسمبلی میں نائب قاصد تھا ، ایف آئی اے نے جب شوگر ملز کے معاملے پر اپنی تفتیش شروع کی تھی تو اس میں بھی اس کا نام آیا تھا ، مظہر عباس نامی ملزم الائیڈ شوگر ملز گروپ میں 35 فیصد جب کہ نواز بھٹی 31 فیصد شئیرز کا مالک تھا ، یہ شوگر مل رحیم یار خان میں قائم ہے . دوسری طرف منی لانڈرنگ کی تحقیقات پر مونس الٰہی کا ردعمل سامنے آگیا ، سابق وفاقی وزیر مونس الہیٰ کا کہنا ہے کہ میرے تمام اثاثے ڈکلیئر اور فائل کیے ہوئے ہیں ، اپنے خلاف مقدمات کا سامناکروں گا ، خود پر لگے الزامات کی تفصیلات کا ابھی علم نہیں ہے لیکن اس طرح کےکیسز پہلی بار ہمارے خاندان پر نہیں بنے، ماضی میں بھی ہمارےخاندان کے خلاف انتقامی کارروائیاں ہوتی رہی ہیں .
انہوں نے کہا کہ ان احمقوں سے کہتا ہوں میرا سب کچھ ڈکلیئر ہے، میرے تمام اثاثے ڈکلیئر اور فائل کیے ہوئے ہیں، اپنے خلاف مقدمات کا سامناکروں گا . مونس الہی نے کہا کہ ہمارے خاندان کے تمام افراد پر بھی مقدمات بنالیں کوئی فرق نہیں پڑے گا، مجھےکہا گیا کوئی بات نہیں آپ سے غلطی ہوگئی واپس آجاؤ، ہمیں وزارتیں دینےکی بھی لالچ دی گئی، کہا گیا عمران خان کی حمایت ختم کردیں پرویز الٰہی کو وزیراعلٰی بنادیں گے .