پاکستان کے31فیصد نوجوان بے روزگار ، ایک لاکھ سے زائد انجینئر بھی شامل

لاہور(قدرت روزنامہ)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 31فیصد تعلیم یافتہ نوجوان بے روزگار ہیں اور ان میں سے ایک لاکھ سے زائد انجینئر بھی شامل ہیں . ایسا ملک جو وسائل کی دولت سے مالا مال ہو تو آبادی میں نوجوانوں کی تعداد 60فیصد کے قریب ہو ،
وہاں اتنی بڑی تعداد میں نوجوانوں کا بے روزگار ہونا کسی المیے سے کم نہیں ہے .

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا . انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت جونوجوانوں کو گمراہ کرکے بر سر اقتدار آئی تھی اور موجودہ اتحادی حکومت ،دونوں نے ہی نوجوانوں کے مسائل کو نظر انداز کیا ہے . 2021کے دوران پونے تین لاکھ افراد ملک چھوڑ کر باہر چلے گئے ہیں . بد قسمتی سے ہر سال دس ہزار سے زائد اعلی تعلیم یافتہ نوجوان بھی پاکستان کی بجائے بیرون ملک چلے جانے کو ترجیح دیتے ہیں اور ان کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے . انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوانوں کو درپیش مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں . ملک کے اندر نوجوانوں کو بے روزگاری الائونس دیا جائے اور نوکریاں پیدا کی جائیں . پڑھے لکھے ہنر مند افراد ہی پاکستان کامستقبل ہیں . محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ جماعت اسلامی نے نوجوانوں کو درپیش مسائل کو ہر پلیٹ فارم پر اجاگر کیا ہے . جماعت اسلامی سے وابستہ لاکھوں نوجوان ملک و قوم کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں . جماعت اسلامی آئندہ ہر سطح کے انتخابات میں نوجوانوں کو آگے لائے گی .

. .

متعلقہ خبریں