امریکی ڈالر کے سامنے پاکستانی روپیہ منہ کے بل گرنے لگا،امریکی کرنسی کے سامنے پاکستانی کرنسی کی بے قدری جاری
اسلام آباد(قدرت روزنامہ) امریکی ڈالر کے سامنے پاکستانی روپیہ منہ کے بل گرنے لگا،امریکی کرنسی کے سامنے پاکستانی کرنسی کی بے قدری جاری ہے . میڈیا رپورٹس کے مطابق انٹربینک میں ڈالر پہلی بار207 روپے کا ہوگیا جبکہ اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالرکی قیمت 208 روپے کی ریکارڈ سطح پرپہنچ گئی ہے .
دوسری جانب وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ آج جو کچھ ہو رہا ہے اچھا ہے یا برا، اس کی ذمہ داری میری ہے .
میں کسی پر ذمہ داری نہیں ڈالوں گا، اس وقت مہنگائی ہے تو اس کا ذمہ دار میں ہوں . ٹھیک کرنا میرا کام ہے، اگر ٹھیک نہیں کر سکا تو مجھے نکال دینا چاہئیے . وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے نجی ٹی وی چینل سماء نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے یہ انکشاف بھی کیا کہ روس نے ہمارے خط کا جواب نہیں دیا، ہم نے سفارتکار بھیجا جس پر روس نے تیل دینے سے صاف انکار کردیا، روس نے واضح طور پر کہا کہ آپ نے 2015ء میں گیس پائپ لائن کا معاہدہ نہیں کیا، وہ بہانہ بنا کر کہہ رہے ہیں کہ مزید بات نہیں کریں گے .
روس سے انکار ہو جانے کے باوجود وزیر خزانہ نے کہا کہ اگر روس 30 فیصد سستا تیل دے تو ہم لے لیں گے . جبکہ روس سے گندم کی خریداری کے حوالے سے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ہم روس سے گندم خریداری کیلئے بات چیت کررہے ہیں، کابینہ اور وزیراعظم نے اس کی منظوری دیدی ہے . پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے وزیر خزانہ نے کہا کہ پیٹرول پر ایک سال میں 200 ارب روپے کا نقصان کیا گیا، ڈیزل پر 59 روپے کا اب بھی نقصان اٹھارہے ہیں، قیمتیں بڑھانے کا فیصلہ وزیراعظم کریں گے .
وزیراعظم نے سستا پیٹرول اور سستا ڈیزل اسکیم نکالی ہے، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت 80 لاکھ افراد کو 2، 2 ہزار روپے دیئے گئے، اس کے علاوہ 60 لاکھ لوگوں کو رجسٹرڈ کررہے ہیں، انہیں بھی 2، 2 ہزار روپے دیئے جائیں گے . وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت ایسے لوگوں کو سبسڈی دے رہی ہے جو گاڑیاں چلا رہے ہیں، کیا ہم یہ سب کچھ افورڈ کر سکتے ہیں؟ کیا پاکستان کے پاس پیسے ہیں کہ سبسڈی دے سکیں .