اسلام آباد (قدرت روزنامہ) رکن قومی اسمبلی سائرہ بانو نے پیٹرول کارڈ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کو واپس کر دیا . تفصیلات کے مطابق پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے بعد جی ڈی اے کی رکن قومی اسمبلی سائرہ بانو کا اچھا اقدام سامنے آیا ہے .
سائرہ بانو نے پٹرول کارڈ کی سہولت لینے سے انکار کر دیا . سائرہ بانو کا کہنا ہے کہ دیہاڑی دار اور رکشہ والے خود کشی کر رہے ہیں، میں یہ مراعات کیسے لے سکتی ہوں .
رکشہ چلانے والے خود کشی پر مجبور ہیں . جی ڈی اے کی رکن قومی اسمبلی سائرہ بانو نے بطور چیئرپرسن قائمہ کمیٹی ملنے والا پیٹرول کا کارڈ قومی اسمبلی میں واپس کر دیا . جب کہ وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات مفتاح اسماعیل نے کہاہ ے کہ وہ منسٹرانکلیومیں نہیں بلکہ اپنے گھرمیں رہ رہے ہیں ، سرکاری گاڑی ، سرکاری پٹرول اورتنخواہ بھی نہیں لے رہے .
جمعرات کواس حوالہ سے نجی ٹی وی چینل کی خبرکی تردید کرتے ہوئے وزیرخزانہ نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہاکہ وہ اسلام آباد کے سیکٹرایف سیون میں واقع اپنے گھرمیں مقیم ہیں .
انہوں نے کہاکہ وزارت ملنے کے بعد انہیں منسٹرانکلیومیں ایک گھر دیا گیا تھا تاہم انہوں نے اب تک اس گھر کا دورہ کیا ہے اورنہ ہی ان کا ایسا کوئی ارادہ ہے . مزیدبرآں اس گھرپرایک آنہ بھی صرف نہیں کیاگیا . وزیرخزانہ نے کہاکہ وہ سرکاری کار اور پٹرول بھی استعمال نہیں کررہے ، اس کے علاوہ وہ تنخواہ بھی نہیں لے رہے . علاوہ ازیں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کو واپس لینے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروادی گئی .
رکن پنجاب اسمبلی زہرا نقوی کی جانب سے جمع کروائی گئی قرارداد کے متن میں کہاگیاہے کہ یہ ایوان پٹرولیم مصنوعات کی حالیہ قیمتوں میں اضافے کو فی الفور واپس لینے کا مطالبہ کرتا ہے . حکومت پچھلے بیس روز کے دوران پٹرول کی قیمت میں 84 روپے فی لٹر اضافہ کر چکی ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 119 روپے ریکارڈ اضافہ کر چکی ہے . مہنگائی کی چکی میں پسی ہوئی عوام پر پٹرول بم گرانا ظالمانہ اقدام ہے . موجودہ حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو ریکارڈ سطح پر لے آئی ہے . پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر کے حکومت نے عوام کو زندہ درگور کر دیا ہے . پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے نہ صرف مہنگائی کا طوفان آئیگا بلکہ اس کا براہ راست اثر غریب عوام پر پڑے گا