پنجاب حکومت کا اسپیکر کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال کا مقدمہ درج کرنے پر غور

لاہور(قدرت روزنامہ)پنجاب حکومت اسپیکر کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال کا مقدمہ درج کرنے پر غور کر رہی ہے . اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق حکومت نے پرویز الہیٰ، سیکرٹری اسمبلی اور اہم افسران کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے .

مقدمات کے اندراج کے بعد گرفتاریوں کا بھی امکان ہے . حکومت کی اس ضمن میں آئینی ماہرین سے مشاورت حتمی مراحل میں داخل ہو گئی ہے .
قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ اسپیکر اور سیکرٹری اسمبلی کے اقدامات غیر آئینی ہیں . معاونت کرنے والے اسمبلی سیکرٹریٹ کے افسران قانون کی گرفت میں آتے ہیں . حکومت چاہے تو اسپیکر اور دیگر افسران کے خلاف مقدمات درج کر سکتی ہے . جب کہ ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست مزاری کی نااہلی کا ریفرنس سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کو آئین کے آرٹیکل 63 (2) کے تحت بھیج دیا گیا .

پرویزالٰہی کو بھیجے گئے ریفرنس میں موقف اپنایا گیا ہے کہ دوست مزاری نے ایوان اقبال میں اجلاس کی صدرات کر کے حلف کی خلاف ورزی کی جبکہ دوست مزاری اس سے قبل بھی پنجاب اسمبلی گیلری میں غیر قانونی صدارت کر چکے ہیں، گیلری میں اجلاس کیا، پولیس بلائی اور تشدد کیا . ریفرنس کے مطابق دوست مزاری ایوان اقبال میں اجلاس بلا کر آرٹیکل 62 ون ڈی، 62 (1) (e) اور دیگر آرٹیکلز کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں، آرٹیکل 63 اے اور سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کی بھی خلاف ورزی دوست مزاری نے کی ہے، دوست مزاری نے پارٹی ہدایات کے برعکس اجلاس کی صدارت کی .
پرویز الہی کو بھیجے گئے ریفرنس میں استدعا کی گئی کہ الیکشن کمیشن حلف کی پاسداری نہ کرنے پر دوست مزاری کو نااہل قرار دے، ریفرنس کی کاپی الیکشن کمیشن آف پاکستان کو بھی بھجوا دی گئی ہے .

. .

متعلقہ خبریں