تین دفعہ بے اولادی کے علاج اور دو بار اسقاط حمل سے گزر چکی ہوں، نادیہ افگن
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سینئر اداکارہ نادیہ افگن نے حال ہی میں دیے گئے اپنے ایک انٹرویو پر لوگوں کی تنقید کے بعد وضاحت کی ہے کہ وہ ماضی میں تین بار بے اولادی کے علاج اور دو بار اسقاط حمل کی تکلیف سے گزر چکی ہیں۔
نادیہ افگن نے 16 جون کو انسٹاگرام پر اپنے طویل وضاحتی بیان میں گزشتہ ہفتے دیے گئے اپنے انٹرویو پر لوگوں کی تنقید پر افسوس کا اظہار کیا۔نادیہ افگن نے حال ہی میں احسن خان کے پروگرام ’ٹائم آؤٹ ود احسن‘ میں شرکت کی تھی، جہاں انہوں نے شوبز کیریئر سمیت ذاتی زندگی پر بھی بات کی تھی۔
اداکارہ نے بتایا تھا کہ ان کی شادی کو 15 برس ہو چکے ہیں اور ان کے درمیان آج تک باہمی عزت، محبت اور ایک دوسرے کو معاف کرنے کا جذبہ ویسا ہی ہے، جیسا شروع میں تھا۔
اسی دوران انہوں نے بتایا تھا کہ ان کے پاس دو کتے ہیں، کیوں کہ ان کی کوئی اولاد نہیں ہے، ساتھ ہی انہوں نے بتایا تھا کہ وہ پوری دنیا کے بچوں کو اپنے بچے سمجھتی ہیں اور انہیں اپنے بچوں کی کمی محسوس نہیں ہوتی۔
اداکارہ نے بات کرتے ہوئے مزید بتایا تھا کہ وہ بچوں کی پرورش سے متعلق پریشان رہتی ہیں اور آج کل کے دور میں وہ لوگ بڑے بہادر ہیں، جن کے بچے ہیں اور وہ ان کی بہتر پرورش کر رہے ہیں۔اداکارہ کے مذکورہ بیان کے بعد ان کی ویڈیو کلپس وائرل ہوئی تھیں، جس پر متعدد ویب سائٹس نے خبریں بھی شائع کیں۔
اداکارہ کی ویڈیوز وائرل ہونے اور شوبز ویب سائٹس کی جانب سے خبریں شائع کیے جانے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے اداکارہ کے بیان کو غلط سمجھا اور انہیں بچوں سے نفرت کرنے والی خاتون کے طور پر پیش کرتے ہوئے ان پر تنقید کی۔لوگوں کی تنقید کے بعد نادیہ افگن نے 16 جون کو انسٹاگرام پر طویل پوسٹ کی اور اس پر دکھ کا اظہار کیا کہ ان پر تنقید کرنے والوں میں زیادہ تعداد خواتین کی تھی۔
نادیہ افگن نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ انہوں نے اس معاملے پر کبھی بھی بات نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، تاہم وہ اپنے انٹرویو کے بعد ہونے والی تنقید دیکھ کر وہ اس سنگین مسئلے پر پہلی بار عوامی سطح پر بات کرنے پر مجبور ہوئی ہیں۔
View this post on Instagram
انہوں نے اس بات پر شدید افسوس کا اظہار کیا کہ ان پر تنقید کرنے والی زیادہ تر خواتین تھیں، جن سے متعلق ان کا خیال تھا کہ عورتیں ہی عورتوں کی تکالیف اور مسائل کو سمجھتی ہیں مگر ایسا نہ ہوسکا۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ان کی شادی کو 15 برس ہو چکے، انہوں نے اور ان کے شوہر نے بھی یہی سوچا تھا کہ ان کے اپنے بچے ہوں مگر خدا کو کچھ اور منظور تھا۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ڈیڑھ دہائی کے دوران ان کے دو حمل ضائع ہو چکے ہیں جب کہ تین بار انہوں نے بے اولادی کا سخت ترین علاج بھی کروایا مگر انہیں ناکامی ملی۔نادیہ افگن نے لکھا کہ علاوہ ازیں انہوں نے آئی وی ایف کے ذریعے بھی بچہ پیدا کرنے کی منصوبہ بندی کی اور ہارمونز کی خرابی کے باعث وہ زائد الوزنی کا بھی شکار بنیں، جس وجہ سے وہ کافی عرصہ ڈپریشن میں بھی رہیں۔
انہوں نے مزید لکھا کہ انہیں ہمیشہ تیسرے اسقاط حمل کا خوف بھی رہا اور وہ شدید اضطراب اور تکلیف سے گزریں مگر انہوں نے اس حوالے سے کبھی عوامی سطح پر بات نہ کرنے کا فیصلہ کر رکھا تھا مگر خواتین کی تنقید کے بعد انہیں یہ سب بتانا پڑا۔
View this post on Instagram
انہوں نے اپنی پوسٹ میں شوہر کی تعریفیں کیں اور لکھا کہ اس پورے عرصے میں ان کے شوہر نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان کی ذہنی، جسمانی اور جذباتی صحت کا بھرپور خیال رکھا، ان کا ساتھ دیا، جس وجہ سے ہی ان کی زندگی بہتر بنی۔
نادیہ افگن کی جانب سے اپنے ذاتی قصوں کو بیان کرنے کے بعد شوبز شخصیات سمیت مداحوں نے بھی ان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں بہادر خاتون قرار دیا۔
متعدد شوبز شخصیات نے ان کی پوسٹ پر کمنٹس کرتے ہوئے انہیں بہادر قرار دیا اور لکھا کہ انہیں کسی طرح کی صفائی پیش کرنے کی ضرورت نہیں تھی۔
شوبز شخصیات کی طرح عام مداحوں نے بھی ان کی تعریفیں کیں اور انہیں بہادر قرار دیتے ہوئے ان پر تنقید کرنے والوں کو بزدل لکھا۔