بجلی مہنگی کرنے کا فیصلہ مؤخر

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وفاقی کابینہ نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 7 روپے99 پیسے فی یونٹ اضافے کو موخر کر دیا جبکہ پانچ قومی املاک کو گروی رکھ کر سکوک بانڈز جاری کرنے کی منظوری دیدی .

وزیر خزانہ نے کہا کہ سکوک بانڈز کا اجراء مقامی اور عالمی مارکیٹس میں ہوگا، مالیت کا فیصلہ اگلے ماہ انویسٹرز کا نفرنس میں ہوگا، آئی ایم ایف سے جلد اچھی خبر ملے گی ، قیمتیں بڑھانے کا شوق نہیں، عالمی منڈی کودیکھ لیں.
وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ معیشت کو سنبھالنے کیلئے کوئی بھی ضروری قدم اُٹھانے سے نہیں ہچکچائیں گے، مشکل فیصلوں کے بعد اچھا وقت بھی آئیگا، وفاقی کابینہ اراکین نے فیٹف اہداف کے حصول پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا . تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال پر تفصیلی بحث کی گئی .


ذ رائع کے مطا بق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کابینہ کو معاشی صورتحال پر بریفنگ دی . وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل پر اجلاس میں اراکین نے ایک بار پھر تابڑ توڑ سوالات کئے . وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ مفتاح صاحب میں آپکا دفاع نہیں کرونگا ٹیکسوں اور تیل کی قیمتوں میں اضافے پر اپنے ساتھیوں کو مطمئن کریں .
کابینہ اراکین نے مفتاح سے آئی ایم ایف پروگرام بحال ہونے سے متعلق سخت سوالات کئے . آئی ایم ایف سے ہونے والے مذاکرات، تیل کی عالمی مارکیٹ اور ٹیکسز پر کابینہ کے سوالات کے جوابات دیئے .
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے سے ہم سب جماعتوں کا عوامی گراف گرا ہے . وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ آئی ایم ایف سے جلد اچھی خبر ملے گی . امیروں کیلئے ٹیکس بڑھایا . مفتاح اسماعیل نے قیمتوں میں اضافہ کا جواز پیش کرتے ہوئے کہا کہ مجھے قیمتیں بڑھانے کا شوق نہیں مگر عالمی منڈی کو دیکھ لیں .
وزیر اعظم نے کہا کہ جلد گرے سے وائٹ لسٹ میں جائینگے . انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کے اداروں اور انکے سربراہان کیخلاف تحریک انصاف کا بے بنیاد پروپیگنڈا قابل مذمت ہے . یورپین یونین سے جی ایس پی پلس پر نظر ثانی سے متعلق مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا .
اجلاس میں وزیر اعظم اور کابینہ ارکان نے ہدایات دی ہیں کہ اس حوالہ سے یورپین یونین کے تحفظات فوری طور پر دور کئے جائیں تاکہ یہ نظرثانی پیکیج پاکستان کو مل سکے اور پاکستان کی ایکسپورٹس بڑھ سکیں . وزیراعظم نے فیٹف کے معاملے پر پاک فوج، متعلقہ وزارتوں اور افسران کو خراج تحسین پیش کیا . وزیر اعظم نے کہا کہ تمام اداروں کی مشترکہ کاوشوں سے ہم نے کامیابی حاصل کی . وزیراعظم نے انڈونیشیا سے پام آئل کی درآمد پر بھی وزارت خارجہ، انڈسٹریز اور خزانہ کو شاباش دی .
بلاول بھٹو زرادری نے کہا کہ ہم نے ملکر آگے بھی اہم فیصلے لینے ہیں تاکہ عوام کی مشکلات کم ہو سکیں . کابینہ نے کئی ایجنڈا آئٹمز کی منظوری دی اور بعض پر غور مئوخر کردیا . وفاقی کابینہ نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 7 روپے 99 پیسے فی یونٹ اضافے کو موخر کر دیا . وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق پر غور کرنا تھا . 13 جون کے ای سی سی فیصلوں کی توثیق کا ایجنڈا ڈراپ کر دیا گیا . 13 جون کے ای سی سی فیصلوں میں بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے کی سفارش موجود تھی .

. .

متعلقہ خبریں