بلوچستان

جب تک گوادر کے مسائل حل نہیں ہوتے ملک کی ترقی بے معنی ہے، شہباز شریف

گوادر (قدرت روزنامہ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی اس وقت تک بے معنی ہے کہ جب تک گوادر اور بلوچستان کے مسائل حل نہ ہوجائیں۔گوادر میں وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت بلوچستان کے مسائل حل کرنے کی خواہاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ دورہ گوادر کے دوران بلوچستان اور گوادر کے منصوبوں کا جائزہ لیا ہے اور خواہش ہے کہ یہاں کی عوام کو ان منصوبوں سے فائدہ ہو۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہاں ماہی گیروں نے اپنے مسائل سے ہمیں آگاہ کیا ہے، انہیں کششتیوں کے لئے انجن فراہم کیے جائینگے جس کی تقسیم کے بعد مینٹننس کی ذمہ داری کمپنی کی ہوگی اور 2 ہزار کشتیوں کے انجن کی تقسیم میرٹ پر ہوگی اور یہ عمل 3 ماہ میں مکمل ہوجائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ ایران سے بجلی کا معاہدہ ہوگیا ہے اور 100 میگا واٹ کا کام جلد مکمل کرلیا جائیگا۔ان کا کہنا تھا کہ گوادر میں پانی کے پرانے پائپس تبدیل کردیئے جائیں گے اور یہ کام رواں سال ماہ ستمبر تک مکمل کرلیا جائیگا جس کے بعد پانی کی مستقل فراہمی شروع ہوجائیگی۔
شہباز شریف نے بتایا کہ بلوچستان کے لئے بجٹ میں 100 ارب روپے رکھے گئے ہیں اور یہاں کی عوام کے لئے ترقی کی سوچ اور بجٹ متخص کرنا ان پر احسان نہیں ان کا حق ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گوادر یونیورسٹی پی ایس ڈی پی میں آچکی ہے اور اس کی تعمیر کا کام بھی جلد ہی مکمل کرلیا جائیگا۔انہوں نے بتایا کہ چین پاکستان کا بہترین دوست ہے جس نے گوادر کے شہریوں کو 3 ہزار 700 سولر پینلز فراہم کیے ہیں ۔

متعلقہ خبریں