حمزہ شہباز کی بطور وزیر اعلی پنجاب میں موجودگی این آر او ٹو کا نتیجہ ہے، فرخ حبیب

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹیری اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ حمزہ شہباز کی بطور وزیر اعلی پنجاب میں موجودگی این آر او ٹو کا نتیجہ ہے . اس شخص کو پنجاب میں بٹھانے کے لیے آئین و قانون اور جمہوریت کی دھجیاں اڑا دی گئیں .

اپنے بیان میں انہوں نے کہا حمزہ شہباز کو اقتدار میں لانے کے لیے ہارس ٹریڈنگ اور فلور کراسنگ کا شرمناک عمل کیا گیا .
انہوں نے کہا پنجاب میں پہلے لوٹوں کا بندوبست کیا گیا اور پھر لوٹوں کے ذریعے ایک جعلی انتخاب کروایا گیا . پنجاب میں باوردی اور سول غنڈوں کو اسمبلی کے اندر لے جایا گیا . انہوں نے کہا پنجاب میں اسمبلی کا تقدس پامال کیا گیا اور سپیکر کے منصب کی توہین کی گئی .

انہوں نے کہا حمزہ شہباز کو وزیر اعلی منتخب کروانے کے بعد بھی اس کے ہینڈلرز کا جی نہیں بھرا اور پھر پنجاب میں ایک بجٹ کے نام پر تماشا رچا دیا گیا .

اسپیکر کے آئینی منصب کے مرتبے کو برباد کرکے اسمبلی کی عمارت سے باہر ایوان اقبال میں خلاف قواعد صوبائی اسمبلی کے اجلاس کو چلایا گیا . انہوں نے کہا اس جعلی بجٹ اور جعلی حکومت کی کوئی حیثیت نہیں ہے . قوم ان چوروں کے آئین و جمہوریت سے کھلواڑ پر نظر رکھے ہوئے ہے . انہوں نے کہا مرکز سے شروع ہونے والے سلسلے نے پنجاب میں بھی تباہی کی بنیاد رکھ دی ہے .
فرخ حبیب نے کہا پنجاب میں زراعت، روزگار اور دیگر شعبہ ہائے زندگی پر اس تماشے کے انتہائی مہلک اثرات مرتب ہو رہے ہیں . حمزہ شہباز کو پنجاب کا وزیر اعلی بنائے رکھنے کے لیے ضمنی انتخاب میں دھاندلی اور الیکشن مینجمنٹ کا ایک شرمناک سلسلہ شروع ہو چکا ہے . انہوں نے کہا تحریک انصاف اس جعلسازی کا بھرپور مقابلہ کرے گی . جب تک یہ جعلی وزیراعلی منصب سے نہیں اتر جاتا اور ایک منتخب وزیر اعلی اقتدار نہیں سنبھالتا،ہم اپنی جدوجہد اور کوششیں جاری رکھیں گے .

. .

متعلقہ خبریں