کوئٹہ (قدرت روزنامہ) سینئر سیاستدان وسابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا ہے کہ کرپشن وبدانتظامی نے کوئٹہ شہر کو گمبھیر مسائل سے دوچار کیا ہے . کوئٹہ کو اس کا تابناک ماضی لوٹانے کیلئے یہاں آباد اقوام کو مل کر کام کرنا ہوگا .
عوام بلدیاتی انتخابات میں مخلص ایماندار اور اچھے کردار کے حامل لوگوں کوآگئے لائیں . یہ بات انہوں نے جمعہ کے روزسراوان ہاؤس میں کوئٹہ شہر کے مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے سیاسی زعماء و معتبرین سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی . نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے مزید کہا کہ کرپشن وبدانتظامی نے کوئٹہ شہر کو گمبھیر مسائل سے دوچار کیاہے جن میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے،ماضی کی شیریں یادیں و تلخ حال اس بات کا ثبوت ہے کہ کوئٹہ کے شہریوں کا استحصال کرنے والوں نے شہر کو لاوارث سمجھ کر بے دردی سے لوٹا ہے . انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے حقیقی و قدیم شہریوں پر ایک مرتبہ پھرسے یہ بہت بڑی ذمہ داری عائد ہونے جارہی ہے کہ وہ آنے والے بلدیاتی انتخابات میں کوئٹہ شہر کو کس کے حوالے کریں گے . انہوں نے کہاکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ کوئٹہ شہر کے تعلیم یافتہ نوجوان اور خواتین اپنے اس قدیم تاریخی و خوبصورت شہر کو گمبھیر مسائل اور بحرانوں سے نکالنے کیلئے یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بلدیاتی انتخابات میں کوئٹہ شہر اور عوام سے مخلص اچھے کردار کے حامل لوگوں کو آگئے لائیں . انہوں نے کہا کہ جن کا سیاسی منشور ایمانداری و خدمت نہیں بلکہ نسل پرستی و فرقہ واریت کی بنیاد پرہے انہوں نے اس شہر کو بہت زیادہ نقصان پہنچایا ہے اور آج ایک مرتبہ پھر متعصبانہ سیاست بلوچستان کے سیاسی نظام میں گردش کررہی ہے ایسے میں بلوچستان بالخصوص کوئٹہ میں آباد بلوچ، پشتون، ہزارہ، سیٹلرز تعصب کی سیاست سے بالا تر ہوکر اپنے شہر کو خوبصورت بنانے، اس شہر کا اختیار حاصل کرنے کیلئے بلدیاتی انتخابات میں ذہنی ہم آہنگی اور یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نئے دور کا آغاز کریں . انہوں نے کہا کہ ہمیں ملکر کوئٹہ شہر کو اس کا خوبصورت ماضی لوٹانے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا .
. .