نئی توشہ خانہ پالیسی کیلئے بین الوزارتی کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری
اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وزیر اعظم شہباز شریف نے نئی توشہ خانہ پالیسی بنانے کیلئے بین الوزارتی کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دیدی ہے جو ایک ماہ میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے توشہ خانہ پالیسی کیلئے تشکیل دی گئی 12رکنی بین الوزارتی کمیٹی تحائف کی قبولیت، ڈسپوزل پروسیجر2018 پر نظر ثانی اور جامع جائزہ لے کر نیا ڈرافٹ تیار کرے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی کے کنوینر وزیر دفاع جبکہ ارکان میں معاون خصوصی طارق فاطمی، وزیر تجارت، وزیر قانون و انصاف، سیکرٹری کابینہ ڈویژن، سیکرٹری خارجہ اور سیکرٹری خزانہ شامل ہیں۔
اس کے علاوہ سیکرٹری قانون وانصاف، سیکرٹری اطلاعات و نشریات، ریٹائرڈ سیکرٹری خواجہ ظہیر، سابق ڈی جی آئی بی آفتاب سلطان بھی کمیٹی میں شامل ہیں جبکہ ایڈیشنل سیکرٹری کابینہ ڈویژن کمیٹی کے سیکرٹری ہوں گے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کابینہ ڈویژن کو کمیٹی کو سیکرٹریٹ فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ کمیٹی کو نئی توشہ خانہ پالیسی کیلئے دئیے گئے ٹی او آرز پر رپورٹ ایک ماہ میں وزیر اعظم کو پیش کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔