“مصطفیٰ کمال کو الیکشن کمیشن کا بلاوا آگیا”

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) الیکشن کمیشن نے این اے 240 کے ضمنی الیکشن سے متعلق پولیس تفتیش اور انکوائری کمیٹی کی رپورٹ پر چیئرمین پاک سرزمین پارٹی مصطفیٰ کمال کو طلب کرلیا ہے .

تفصیلات کے مطابق کراچی کے حلقے این اے دو سو چالیس کے ضمنی انتخاب میں بیلٹ پیپرز چوری سے متعلق سماعت ہوئی، چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی پانچ رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی .

ایس ایس پی فیصل بصیر نےکمیشن کے روبرو پولیس انکوائری رپورٹ پیش کی، متعلقہ پولیس افسر نے کمیشن کو بتایا کہ بیلٹ پیپرز چھیننے والے پانچ افراد کی نشاندہی کی گئی جن میں سے چار کو گرفتار کیا گیا . ایس ایس پی نے بتایا کہ پانچویں بندے کا تعلق پی ایس پی سے ہے اس کو چھپایا گیا ہے، چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ باقی چار افراد کا تعلق کس جماعت سے ہے؟ جس پر پولیس افسر نے بتایا کہ ان کا تعلق بھی پی ایس پی سے ہے .

انکوائری رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ پولیس نفری کی تعداد بھی مناسب نہیں تھی اور وہ جتھے کو کنٹرول کرنے میں ناکام رہی جس کے باعث پریزائیڈنگ آفیسر بھی کنفیوز رہے، رپورٹ میں بتایا گیا کہ جس شخص نے بیلٹ پیپرز واپس کیے وہ نامعلوم ہے، اس پرچیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ اصل کام تو معلوم کرنا تھا کہ کون بیلٹ پیپر واپس لے آیا؟ .

الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسر اور ڈی آر اوز کی رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پولیس تفتیش اور انکوائری کمیٹی کی رپورٹ پر مصطفی کمال کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا، کمیشن نے استفسار کیا کہ بتایا جائے پی ایس پی کیخلاف کیا کارروائی کی جا سکتی ہے ؟

الیکشن کمیشن نے ڈی آر او اور آر او کو فوری او ایس ڈی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اگر یہ حالات رہے تو آئی جی کو بھی تبدیل کرسکتے ہیں، آئی جی کو بھی وارننگ پہنچا دیں، بعد ازاں کیس کی سماعت سات جولائی تک ملتوی کردی گئی .

. .

متعلقہ خبریں