کوہ پیما شہروز کاشف کے زندہ ہونے کی خبر مل گئی

استور(قدرت روزنامہ) کوہ پیما شہروز کاشف کے زندہ ہونے کی خبر مل گئی ہے، گزشتہ روز نانگا پربت سر کرنے کے بعد واپسی پر وہ برفانی طوفان میں پھنس گئے تھے اور ان سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا .

تفصیلات کے مطابق مشہور کم عمر کوہ پیما شہروز کاشف نانگا پربت سے اترتے ہوئے چوتھے سے تیسرے کیمپ میں آتے دکھائی دیے ہیں، شہروز اور ان کے ساتھی فضل علی دونوں کیمپ تھری کی طرف جا رہے ہیں .

شہروز کاشف کے والد کاشف سلمان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ شہروز اور ان کے ساتھی اپنی مدد آپ کے تحت پہنچ رہے ہیں، ان کو کسی نے ریسکیو نہیں کیا .

ڈپٹی کمشنر دیامر فیاض احمد نے کوہ پیماؤں کی نقل و حرکت کی تصدیق کر دی ہے، شہروز کاشف کے ٹویٹر پیج پر بھی ان کی واپسی کی خبر دی گئی ہے . یاد رہے کہ شہروز کاشف نے اپنے ساتھی فضل علی کے ساتھ گزشتہ صبح نانگا پربت چوٹی سر کی تھی، انھوں نے نانگا پربت چوٹی سر کرنے والے کم عمر ترین کوہ پیما ہونے کا اعزاز حاصل کیا .

دونوں کوہ پیماؤں نے برفانی طوفان میں پھنسنے کے بعد رات کھلے میں گزاری اور موسم کی بہتری کا انتظار کرتے رہے . شہروز کے والد نے بتایا تھا کہ بیٹے سے ٹریکر کے ذریعے 7350 فٹ کی بلندی تک رابطہ تھا، اس کے بعد ان سے کوئی رابطہ نہیں رہا .

دوسری طرف ہنزہ کے کوہ پیما عمران شمشالی گشہ بروم پر مہم جوئی کے دوران جاں بحق ہو گئے ہیں، جب کہ سدپارہ کے محمد شریف جو براڈ پیک کی مہم جوئی پر تھے، ایک روز سے لا پتا ہیں .

. .

متعلقہ خبریں