وزیراعلیٰ پنجاب کا عید الاضحٰی پر قیدیوں کی سزا میں ایک ماہ کی کمی کا اعلان

لاہور (قدرت روزنامہ) وزیراعلیٰ پنجاب نےعید الاضحٰی پر قیدیوں کی سزا میں ایک ماہ کی کمی کا اعلان کردیا ہے، سزاؤں میں کمی سے متعدد قیدی رہا ہوجائیں گے اور اپنے گھروں میں جاکر عید مناسکیں گے . ہم نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے عید الاضحٰی پر قیدیوں کی سزا میں کمی کردی ہے، وزیراعلیٰ نے قیدیوں کی سزا میں ایک ماہ کی کمی کی منظوری دی ہے، سزاؤں میں کمی سے متعدد قیدیوں کی رہائی ممکن ہوسکے گی، جیلوں سے رہا ہونے والے قیدی عید اپنے گھروں میں مناسکیں گے .


دوسری جانب آئی جی جیل خانہ جات مرزا شاہد سلیم بیگ نے عید الاضحی پر جیلوں میں سکیورٹی اور سہولیات کو مزید بہتر بنانے کیلئے تمام سپرنٹنڈنٹ جیل کو مراسلہ جاری کر دیا . مراسلے میں کہا گیا کہ عوامی شکایات کے بروقت ازالے کیلئے سپرنٹنڈنٹ جیل، روزانہ کی بنیاد پر 2 گھنٹے انتظار گاہ میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں گے .

عید تعطیلات کے دوران قیدیوں کے ورثاء کو مکمل شناحت کے بعد کھانا اور سامان جمع کرانے کی اجازت ہو گی .

ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل کی زیرنگرانی سامان جمع کروانے والوں کی تلاشی لی جائے گی . عید کی نماز کے دوران سپرنٹنڈنٹ جیل قیدیوں کے درمیان موجود رہیں گے . آفیسر زاور ملازمین کو شدید مجبوری کے علاوہ چھٹی پر نہیں بھیجا جائے گا . اس حوالے سے مرزا شاہد سلیم بیگ کا مزید کہنا ہے کہ نفرت جرم سے ہے مجرم سے نہیں، تمام قیدیوں کو عیدالاضحی کی خوشیاں منانے کے لیے موزوں ماحول فراہم کیا جائے گا . دوسری جانب پی آئی اے نے عیدالاضحیٰ پر کرایوں میں 20 فیصد کمی کا اعلان کردیا ہے . ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ کرایوں میں کمی عید کے تینوں دن اندرون ملک پروازوں پر سفر کیلئے ہوگی .

. .

متعلقہ خبریں