شاہ محمود قریشی اور شیریں مزاری کا استعفیٰ بہت جلد منظور کر لیا جائے گا

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے کہا ہے کہ میرا کوئی ٹویٹر اکاؤنٹ نہیں ہے، ایک بوگس اکاؤنٹ بنا ہوا جس کو ختم کرانے کے لیے ایف آئی اے کو درخواست دی ہے . 92 نیوز کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے مزید کہا کہ شاہ محمود قریشی نے پیپلز پارٹی کو ڈسا ہے وہ انہیں قبول نہیں کرے گی، اب ان کا بیٹا بھی بری طرح سے شکست کھائے گا،انہوں نے کہا کہ میرا تو اب بھی مطالبہ ہے جوڈشینل کمیشن بنایا جائے تاکہ عمران خان کے جھوٹ کا قوم کو پتہ چل سکے .


راجہ ریاض نے مزید کہا کہ میرا خیال ہے شاہ محمود قریشی اور شیریں مزاری کا استعفیٰ بہت جلد منظور کر لیا جائے گا کیونکہ ان دونوں نے ہی کھڑے ہو کر مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا . قبل ازیں قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اسپیکر راجہ پرویز اشرف کو تحریک انصاف کے آٹھ ارکان کے استعفے منظور کرنے کی تجویز دی تھی .

سماء نیوز کی رپورٹ کے مطابق عمران خان کے خلاف قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد منظور ہونے اور موجودہ حکومت قائم ہونے کے بعد پی ٹی آئی اور ن لیگ نے قومی اسمبلی سے استعفیٰ کا اعلان کیا تھا .

اس وقت کے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے استعفے منظور کرلئے تھے تاہم موجودہ سپیکر نے ان استعفوں پر قانون کے مطابق کارروائی کی رولنگ جاری کی . راجہ پرویز اشرف نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے استعفوں کی تصدیق کے لیے انہیں قانون کے مطابق طلب کیا لیکن کوئی رکن پیش نہ ہوا . پی ٹی آئی ارکان کی جانب سے استعفوں کی تصدیق کے لیے نہ آنے پر اسپیکر قومی اسمبلی نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے قانونی رائے مانگی تھی . قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں اس معاملے پر اپنی ایڈوائس اسپیکر کو بھیج دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ایوان میں اعلان کرنے والے ارکان کے استعفے قبول کیے جائیں .

. .

متعلقہ خبریں