وزیراعظم کی زیرِ صدارت اجلاس، ضمنی انتخاب میں شکست کی وجوہات کی رپورٹ پیش کر دی گئی

لاہور (قدرت روزنامہ) پاکستان مسلم لیگ ن کی ضمنی الیکشن میں شکست کے بعد لیگی قیادت کی اہم بیٹھک ہوئی . وزیراعظم کی زیر صدارت ن لیگ کا اجلاس ہوا جس میں سینئر پارٹی قیادت شریک تھی .

ضمنی انتخابات میں پارٹی کی شکست پر رانا ثناء اللہ کی تفصیلی تجزیاتی رپورٹ پیش کی گئی ہے . پارٹی رپورٹ میں ہر حلقے کے حوالے سے الگ الگ تجزیہ پیش کیا گیا ہے .
رپورٹ میں بتایا گیا کہ لیگی کارکنان نے مخالف پارٹی سے منحرف ہو کر آنے والوں کو دل سے قبول نہیں کیا . پارٹی عہدیداروں، پرانے ٹکٹ ہولڈرز نے انتخابی مہم میں جان نہیں لڑائی . پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی کے بلوں میں اضافے نے مہنگائی کی شرح میں اضافہ کیا . مہنگائی کی انتہائی شرح نے جلتی پر تیل کا کام کیا اور ہار میں بنیادی کردار ادا کیا .

ضمنی انتخاب سے صرف دو روز قبل پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کا فائدہ نہیں ہوا .

عوام نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کو رد کر کے مخالفین میں ووٹ دئیے . قبل ازیں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے پارٹی کے صدر وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سے رابطہ کیا ، اس دوران ضمنی انتخابات کے نتائج کے حوالے سے آئندہ کے لائحہ عمل پر بات چیت کرتے ہوئے پارٹی کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے کی ہدایت کردی . ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اس موقع پر پنجاب کے ضمنی انتخابات میں ن لیگ امیدواروں کی شکست پر بات کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ مشکل فیصلوں کا نقصان مسلم لیگ ن کو ہوا ہے لیکن ہم عوام کی رائے کا احترام کرتے ہیں .
خیال رہے کہ پنجاب میں صوبائی اسمبلی کی 20 نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے 15 ، مسلم لیگ ن کے 4 اور ایک نشست پر آزاد امیدوار نے کامیابی حاصل کی ، پاکستان تحریک انصاف جھنگ کی دو، لاہور کی تین اور ملتان، راولپنڈی، مظفر گڑھ، ڈیرہ غازی خان، ساہیوال، خوشاب، بھکر، شیخوپورہ، فیصل آباد، لودھراں سے ایک ایک نشست پر کامیاب ہوگئی جب کہ مسلم لیگ (ن) پنجاب کے ضمنی انتخابات میں 4 نشستوں پر کامیاب ہوسکی جن میں لاہور (168)، مظفر گڑھ (273)، بہاولنگر اور راولپنڈی پی پی 7 کی ایک ایک نشست پر کامیاب ہوسکی .

. .

متعلقہ خبریں