بجلی کی قیمت میں اضافے کی وجہ امپورٹڈ تیل پر چلنے والے پاور پلانٹ ہیں

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء حماد اظہر نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمت میں اضافے کی وجہ درآمدی تیل پر چلنے والے پاور پلانٹ ہیں، ن لیگ کی اس غلطی کی سزا پوری قوم بھگت رہی ہے، بجلی کی قیمت میں اضافے کو مسترد کرتے ہیں . انہوں نے ٹویٹر پر اپنے ردعمل میں کہا کہ بجلی کے بنیادی ٹیرف میں مسلط شدہ حکومت نے 3.50 روپے فی یونٹ آضافہ کیا ہے .


اس اضافے کی وجہ صرف اور صرف نون لیگ کے امپورٹڈ ایندھن پہ چلنے والے پاور پلانٹ ہیں جو مہنگی ترین بجلی بنا رہے ہیں . پوری قوم نون لیگ کی اس غلطی کی قیمت ادا کر رہی ہے . اسی طرح سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ٹوئٹر پر اپنے جاری بیان میں کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے ملک میں آئینی و سیاسی بحران کے دوران باریک واردات ڈال کر بجلی مہنگی کر دی، نااہل نکمی حکومت عوام پر مسلسل مہنگائی اور بری گورننس مسلط کر رہی ہے .
انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کا بجلی کی قیمتوں میں پھر سے اضافہ شرمناک عمل ہے، عوام بارشوں کی تباہ کاریوں سے پریشان تھی کہ خاموشی سے واردات کی گئی . انہوںنے کہا کہ مہنگی بجلی مہنگے منصوبے ملک کو دیوالیہ کرنے کے بعد یہ ٹبر ملک سے فرار ہوجائیں گے، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتے ہیں . واضح رہے وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے وزیر مملکت پٹرولیم مصدق ملک کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت نے بجلی کی قیمت میں ساڑھے تین روپے فی یونٹ اضافہ کردیا ہے، بجلی کی قیمتوں میں 26 جولائی سے 3روپے 50 پیسے کا اضافہ ہوگا، اگست سے 3روپے 50 پیسے اور اکتوبر میں 91 پیسے کا اضافہ ہوگا ،نومبر سے توانائی کی قیمتوں میں کمی آنا شروع ہو جائے گی اور دسمبر تک بجلی کا بنیادی ٹیرف 24 روپے تک ہو جائیگا، اگلے چند ماہ مشکل ہیں غریب ترین صارفین کو تحفظ دیا گیا ہے، غریب ترین شہریوں کے لیے ٹیرف میں کوئی اضافہ نہیں ہوگا،ایک سے 50 یونٹ، پھر ایک سے 100 یونٹ اور 200 یونٹ تک اضافہ نہیں ہوگا .

. .

متعلقہ خبریں