روپے پر دباو ایک دو ہفتوں میں ختم ہو جائے گا،مفتاح اسماعیل

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ زرمبادلہ ذخائر بڑھانے کیلئے دوست ممالک سے ڈالر ذخائر کی درخواست کی تھی،دوست ممالک نے درخواست یہ کہہ کر رد کر دی کہ پہلے کبھی قرض واپس نہیں کیا گیا . پھر دوست ممالک نے حکومتی ملکیتی اداروں میں حصص خریدنے کی آمادگی ظاہرکی،دوست ملک ہماری مدد کرنا چاہتا ہے .


انہوں نے کہا کہ روپے پر دباو ایک دو ہفتوں میں ختم ہو جائے گا،سرجری سے کوئی خوش نہیں ہوتا لیکن بعض اوقات یہ ضروری ہوتا ہے،پاکستان میں ڈالر کی آمد جلد ہی آوٹ فلو سے زیادہ ہوگی اور شرح مبادلہ مستحکم ہوگا . مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ڈیفالٹ کے خدشات ختم ہو چکے ہیں،اور پالیسی سازوں کو بھی یہ معلوم ہے،جلد پالیسی پلان بنایا جائے گا،جبکہ درآمدات میں کمی اور برآمدات 3 ماہ میں بڑھ جائیں گی .
انکا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف،چین اور سعودی عرب سے پیسے مانگنا اچھا نہیں ہے . آئی ایم ایف سے قرض کی آمد ہفتوں میں مکمل ہو جائے گا،آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر کی یکم تا 15 اگست تک چھٹی ہے،اسی لئے میٹنگ میں تاخیر ہے . واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے وزیر خارجہ اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو وزارت خارجہ کے مالی مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی .
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل سے ملاقات کی جس میں ملک کی موجودہ سیاسی اور اقتصادی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا،وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی اور اقتصادی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا . اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیر خزانہ نے وزارت خارجہ کے مالی مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور وزیر خزانہ نے متعلقہ حکام کو مسائل کے حل کیلئے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کی .

. .

متعلقہ خبریں