اسلام آباد(قدرت روزنامہ) سابق وزیراعظم عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو عام انتخابات کی تیاری کی ہدایت کردی . تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کی زیر صدارت ہونے والا سیاسی کمیٹی کا اجلاس ختم ہو گیا .
پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں پارٹی کے مرکزی رہنما شریک تھے . اجلاس میں پنجاب کابینہ کی تشکیل سمیت اہم امور پر مشاورت کی گئی .
اجلاس میں ن لیگ کی جانب سے گورنر راج لگانے کی دھمکی کا بھی جائزہ لیا گیا . اجلاس کے دوران عمران خان اور دیگر قیادت کی جانب سے اہم فیصلے کیے گئے ہیں . عمران خان نے حکومت کے خلاف جارحانہ حکمت عملی کو تیز کرنے کا فیصلہ کر لیا . عمران خان نے کہا ہے کہ پنجاب کی عوام کے مینڈیٹ کو لے کر وفاق کی طرف بڑھیں گے .
چوروں کے ٹولے نے ملک کو تباہ کر دیا .
قوم کو پتہ چل چکا ہے کون جھوٹا ہے کون سچا ہے . قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ کی بنی گالا میں پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان سے ملاقات ہوئی . . اس دوران ق لیگ کے رہنما مونس الہیٰ بھی موجود تھے . نومنتخب وزیراعلیٰ پرویز الہیٰ نے ایک بار پھر عمران خان کے ساتھ چلنے کے عزم کا اظہار کیا . ملاقات کے دوران سبطین خان کو اسپیکر پنجاب اسمبلی بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا .
پرویز الہیٰ نے کہا کہ عمران خان پنجاب اسمبلی توڑنے کا کہہ دیں تو ایک منٹ بھی نہیں لگاؤں گا . دوسری جانب پنجاب کابینہ کی تشکیل پر بھی مشاورت جاری ہے . پاکستان تحریک انصاف نے سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو بھی نئی کابینہ میں شامل کرنے پر غور شروع کردیا . ابتدائی طور پر سابق گورنر کو صوبائی وزارت داخلہ میں کام کرنے کی آفر کی گئی تاہم عمر سرفراز چیمہ نے تاحال عہدہ لینے پر رضامندی ظاہر نہیں کی .