اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی کابینہ کو عہدے سے ہٹانے کے لیے دائر کی گئی درخواست پر رجسٹرار آفس نے اعتراض عائد کر دیا . تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی نے وزیراعظم اور وفاقی کابینہ کو ہٹانے کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا تاہم رجسٹرار آفس نے دستاویزات کی مصدقہ نقول نہ ہونے کا اعتراض عائد کیا .
درخواست تحریک انصاف کی رہنما عندلیب عباس اور حسان نیازی کی جانب سے دائر کی گئی تھی . شہباز شریف اور وفاقی کابینہ کو ہٹانے کیلئے لاہورہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی . درخواست میں وفاقی حکومت، وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری، الیکشن کمیشن و دیگر کو فریق بنایا گیا . درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے خلاف منی لانڈرنگ کیسز زیر سماعت ہیں .
شہبازشریف، کابینہ نے لندن دورے میں اشتہاریوں سے ملاقات کی . شہبازشریف نے دورہ ترکی میں اشتہاری سلمان شہباز کو شریک کیا . درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت ملک میں نگران وزیر اعظم تعینات کرنے کا حکم جاری کرے . قبل ازیں ڈپٹی اسپیکر رولنگ کیس سے متعلق درخواست پر سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا کہ آئین اورپارلیمنٹ کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، عدلیہ کی ساکھ کا تقاضا اور انصاف یہی تھا کہ فل کورٹ تشکیل دیا جاتا تاکہ انصاف ہوتا ہوا نظر بھی آتا .
انہوں نے کہا کہ آئین نے ریاستی اختیار پارلیمنٹ، انتظامیہ اور عدلیہ کو تفویض کئے ہیں، آئین نے سب اداروں کو متعین حدود میں کام کرنے کا پابند کیا ہے، کوئی ادارہ کسی دوسرے کے اختیار میں مداخلت نہیں کرسکتا، آئین اورپارلیمنٹ کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے .