پنجاب: نکاح کے وقت ختم نبوتﷺ کے حلف نامے پر دستخط کرنا لازمی قرار

لاہور (قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے نکاح کے لیے ختم نبوت ﷺ پر ایمان کے حلف والے نئے فارم استعمال کرنے کی ہدایت کردی۔پنجاب کے وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ نکاح کے وقت دولہا اور دلہن کے لیے ختم نبوتﷺ کے حلف نامے پر دستخط کرنا لازمی ہو گا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے ہدایت جاری کی گئی ہے کہ نکاح رجسٹراروں کو ختم نبوتﷺ کے حلف نامے والے نئے فارم دیے جائیں، نئے فارم نہ دینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ نکاح نامے میں ختم نبوت ﷺ پر ایمان کا حلف شامل ہونے پر قوم کو مبارک باد دیتا ہوں۔وزیر اعلیٰ پنجاب کا یہ بھی کہنا ہے کہ نیا نکاح فارم استعمال نہ کرنے والے نکاح رجسٹرار کو 1 ماہ قید اور جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔