سپریم کورٹ کو بھی چاہیے اپنے اندر انصاف پیدا کرے، مراد علی شاہ

سہون(قدرت روزنامہ) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کو بھی چاہیے اپنے اندر انصاف پیدا کرے۔سہون میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ بارش کے بعد آج ہونے والے نقصانات اور صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے دورے پر نکلا ہوں، دادو اور تھانہ بولا خان جاکر بھی صورتحال کا جائزہ لوں گا۔
انہوں نے کہا کہ منچھر جھیل پر آب پاشی والوں سے بریفنگ لی ہے اور مقامی افراد سے بھی صورتحال کے متعلق معلوم کیا ہے، منچھر کے علاقے میں کچھ کچے گھر گرے ہیں، متاثرین کے لیے راشن کا بھی انتظام کرنا ہے جس کے لیے ہدایت جاری کردی ہیں۔
سپریم کورٹ سے متعلق انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کونسل میں ججوں کے درمیان جو مسئلہ ہورہا ہے وہ بدقسمتی ہے، سپریم کورٹ کی طرف سب انصاف کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور اسے بھی اپنے اندر انصاف پیدا کرنا چاہیے۔وزیراعلی سندھ نے مزید کہا کہ صدر مملکت آئینی ذمہ داری کے پابند ہیں، ایسا سوال نہیں کہ وہ حکومت سے تعاون نہ کریں۔