پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ اگست کے وسط تک متوقع

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)الیکشن کمیشن کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ اگلے ماہ کے وسط تک سنادیا جائیگا۔اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کے فیصلے کو حتمی شکل دینے کے لئے روزانہ کی بنیاد پر اجلاس بلائے جارہے ہیں۔
اجلاس کے دوران چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے اس کیس میں عمران خان کے بیان حلفی کا پوری طرح جائزہ بھی لیا جائیگا۔
واضح رہے کہ حکومتی ارکان کی جانب سے اس کیس کا جلد از جلد فیصلہ سنانے کے حوالے سے بیانات سامنے آرہے ہیں جس کے بعد الیکشن کمیشن نے فیصلے کو حتمی شکل دینا شروع کردی ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ ماہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ 8 سال بعد محفوظ کرلیا گیا تھا جو کہ آب تک سنایا نہیں گیا ہے۔
پس منظر
پی ٹی آئی کے منحرف بانی رکن اکبر ایس بابر نے 2014 میں پی ٹی آئی فنڈنگ کے حوالے سے درخواست دائر کی تھی جس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ غیر قانونی غیر ملکی فنڈز میں تقریباً 30 لاکھ ڈالر 2 آف شور کمپنیوں کے ذریعے اکٹھے کیے گئے اور یہ رقم غیر قانونی طریقے ‘ہنڈی’ کے ذریعے مشرق وسطی سے پی ٹی آئی ملازمین کے اکاؤنٹس میں بھیجی گئی۔