سندھ بارشیں، پانی کی نکاسی نہ ہونے کے سبب ڈینگی وائرس پھیلنے لگا

کراچی (قدرت روزنامہ)سندھ بھر میں حالیہ موسلادھار بارشوں اور وقت پر برساتی پانی کی نکاسی نہ ہونے کے باعث ڈینگی وائرس کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے۔محکمہ صحت سندھ کے مطابق سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 17 افراد ڈینگی کا شکار ہوئے جن میں سب سے زیادہ تعداد کراچی کے رہائشیوں کی تھی، صوبے کے 80 فیصد سے زائد کیسز کراچی سے رپورٹ ہو رہے ہیں۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 16 افراد کراچی میں ڈینگی وائرس کا شکار ہوئے ہیں۔محکمہ صحت سندھ کا بتانا ہے کہ رواں ماہ ڈینگی وائرس نے 315 افراد کو نشانہ بنایا ہے جن میں 270 افراد کراچی میں ڈینگی وائرس میں مبتلا ہوئے، رواں سال ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 1186 تک جا پہنچی ہے۔
محکمہ صحت سندھ کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ عوام الناس صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں، گھر، گلی اور محلے میں پانی جمع نہ ہونے دیں۔محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ طلوع اور غروب آفتاب کے وقت جسم کو مکمل طور پر ڈھانپ کر رکھیں۔