ایف بی آر، مالی سال کے پہلے مہینے میں ہدف سے 15 ارب زائد ٹیکس ریونیو جمع

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) ایف بی آر نے رواں مالی سال کے پہلے ماہ جولائی کا ٹیکس ریونیو ہدف حاصل کر لیا ہے اور ہدف سے 15ارب روپے زائد ریونیو جمع کیا گیا ہے۔جولائی کا ایف بی آر کا ٹیکس ریونیو ہدف 443ارب روپے تھا جبکہ ایف بی آر نے رات گئے تک 458ارب روپے نیٹ ریونیو جمع کیا جس میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
گزشتہ سال جولائی میں جمع کئے جانیوالے ریونیو کے مقابلے میں 10فیصد گروتھ ریکارڈ کی گئی جو 417ارب روپے جمع کیا گیا تھا۔ ایف بی آر نے جولائی کا گراس ریونیو 486ارب روپے جمع کیا جس میں سے 28ارب روپے ریفنڈز کی ادائیگی کی۔
گزشتہ برس ریفنڈز کی مد میں 21ارب روپے کی ادائیگی کی گئی تھی اس طرح اس سال جولائی میں ریفنڈز میں بھی 32فیصد کی گروتھ ہوئی ہے اس میں مقامی ٹیکس کاحصہ 55فیصد اور درآمدی ٹیکس کاحصہ 45فیصد ہے۔
گزشتہ برس درآمدی ٹیکس کا حصہ 53فیصد تھا اسطرح اس میں بھی بہتری آئی ہے، مقامی ٹیکس ریونیو میں 31فیصد گروتھ ہوئی ،ایف بی آر کے مطابق جائیداد کی فروخت پر ایڈوانس ٹیکس ریونیو میں 110فیصد اضافہ ہوا ہے۔