سجل چھوٹی ہے پر ہاتھ بھاری ہے: سید جبران

کراچی (قدرت روزنامہ)جیو انٹرٹینمنٹ کے مقبول ترین ڈرامہ سیریل ’بھولی بانو‘ میں تاجدار کا مرکزی کردار ادا کرنے والے معروف اداکار سید جبران نے انکشاف کیا ہے کہ سجل علی کا تھپڑ زور کا لگے گا کیونکہ اُن کا ہاتھ بہت بھاری ہے۔اداکار سید جبران نے ایک ویب شو کے دوران سجل علی کے ساتھ پیش آنے والا دلچسپ قصہ سُنایا۔
سید جبران نے بتایا کہ اُنہوں نے ایک ڈرامے میں سجل کے ساتھ کام کیا تھا جس کے ایک سین میں سجل نے اداکار کو تھپڑ مارنا تھا۔اداکار نے کہا کہ جب یہ سین فلمایا جارہا تھا تو ڈرامے کے ہدایتکار یاسر نواز نے سجل سے کہا کہ چلو! اب شاٹ مارنے کے لیے تیار ہوجاؤ۔
اُنہوں نے کہا کہ وہ جیسے ہی سین کے لیے پیچھے مُڑے تو سجل نے اُنہیں زوردار تھپڑ مار دیا اور وہ اُس تھپڑ کی وجہ سے پوری طرح ہِل گئے تھے۔سید جبران نے کہا کہ سیٹ پر موجود ہمارے ہدایتکار یاسر نواز تھپڑ دیکھ کر بےحد ہنسے اور کہا کہ میں یہ سین کیسے لگاؤں کہ اتنی چھوٹی سی لڑکی اتنے بڑے شخص کو تھپڑ مار رہی ہے۔
اداکار کے مطابق جب اُنہوں نے وہ سین دیکھا تو وہ بھی حیران رہ گئے تھے کیونکہ وہ سجل کے تھپڑ سے بچوں کی طرح ہِل گئے تھے۔شو کے دوران سید جبران نے کہا کہ سجل دِکھنے میں جتنی چھوٹی ہے، اُن کا ہاتھ اُتنا ہی زیادہ بھاری ہے لہٰذا کبھی اُن کا تھپڑ نہیں کھانا۔