حکمرانوں کے کارخانے ٹھیک چل رہے ہیں لیکن غریب کے گھر کا خانہ خراب ہو گیا ہے، شیخ رشید

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے کہا ہے کہ حکمرانوں کے ذاتی کارخانے ٹھیک چل رہے ہیں لیکن غریب کے گھر کا خانہ خراب ہو گیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک پیغام میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے حکمرانوں سمیت وفاقی وزراء کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔


انہوں نے کہا ہے کہ وفاقی وزراء میں ہمت ہے تو پی ڈی ایم کے بجائے عوام کے سامنے صفائی پیش کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے کمی کر کے ڈیزل کی قیمت میں 9 روپے کا اضافہ کرنا عوام کے ساتھ مذاق کرنے جیسا ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ چاکلیٹ بیچنے والوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ آٹے اور گھی کا قحط پڑنے والا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خام مال پر پابندی سے برآمدات 25٪ کم ہو گئی ہیں اور جب 38٪ مہنگائی بڑھے گی تو فارن ریزرو کم ہونگے اور جب افراط زر ہی نہیں ہے معیشت کا پہیہ بھی جام ہو جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ مہنگائی کے باعث ہر مہینے 200 فیکٹریاں بند ہو رہی ہیں 100٪ کرائم بڑھ گیا ہے۔