مسلم لیگ ق کے آئین میں تبدیلی کرنا چاہتا ہوں، چوہدری شجاعت حسین

لاہور (قدرت روزنامہ)مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ق کے آئین میں تبدیلی کرنا چاہتا ہوں۔تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل میڈیا مختلف فورم پر میرے خلاف مہم چلائی جا رہی ہے، مجھ پر جو الزامات لگائے جارہے ہیں اس پر سب کو اعتماد میں لینا چاہتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا اورمختلف فورمز پر میرے خلاف مہم چلائی جا رہی ہے، غلط بیانی کر کے کوئی بھی شخص عوام کو اعتماد میں نہیں لے سکتا، ہر بات کا الزام سیاستدانوں کو دیا جاتا ہے، الزامات لگانے والوں کی اپنی کوئی حیثیت نہیں ہے۔
چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ ایک دوسرے کو گالیاں دی جا رہی ہیں، ملک کی موجودہ معاشی صورتحال پر آرمی چیف کو لانا ہماری نا اہلی ہے، آرمی چیف کو کیوں مداخلت کرنا پڑی، سیاستدانوں کا قصور ہے جس کی وجہ سے آرمی چیف کو مداخلت کرنا پڑی۔
مسلم لیگ ق کے سربراہ نے کہا کہ ہائیکورٹ میں کیسز کئی سالوں سے چل رہے ہیں، 20 سال پرانا کیس ہمارے خلاف چلتا رہا، معیشت کی خرابی کے ذمہ دار صرف سیاستدان ہیں۔انہوں نے کہا کہ میرے بیٹوں پر کرپشن کے الزامات لگانے کی کوشش کی گئی، میں اور طارق بشیر چیمہ وزیراعظم سے ملاقات کرنے گئے، کس جرم کے تحت میرے بیٹوں پر مقدمات بنائے جا رہے ہیں، عمران خان اداروں کے خلاف گفتگو کر رہے ہیں۔