پی آئی اے نے عاشورہ خصوصی پروازوں کے شیڈول کو حتمی شکل دیدی

کراچی (قدرت روزنامہ) قومی ایئر لائن پی آئی اے نے عاشورہ کے موقع پر خصوصی پروازوں کے شیڈول کو حتمی شکل دے دی . تفصیلات کے مطابق ترجمان پی آئی اے نے کہا ہے کہ عاشورہ پر زائرین کی سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے 7 خصوصی پروازیں نجف روانہ ہوں گی، پروازوں پر زائرین کی بکنگ کا آغاز کردیا گیا، خصوصی پروازوں کے سلسلے کا آغاز کل سے ہوگا جو 7 اگست تک جاری رہے گا، اس دوران پروازیں کراچی تا نجف روانہ ہوں گی .


علاوہ ازیں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز نے بین الاقوامی پروازوں کے کرایوں میں کمی کردی ہے، اندرون ملک کرایوں میں نمایاں کمی کے بعد بین الاقوامی روٹس پر بھی کرایوں میں کمی کی گئی ہے، اس ضمن میں ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پی آئی اے نے کینیڈا کی پروازوں پر کرایوں میں 8 فیصد کمی کردی ہے، گلف اور متحدہ امارات کے روٹس پرکرایوں میں 15 فیصد اور سعودی عرب کے روٹ پر کرایوں میں 10 فیصد کمی کی گئی ہے، کرایوں میں کمی کا اطلاق فوری طور پر ہوگا .
دوسری طرف امریکہ نے قومی ایئرلائن پی آئی اے کی پاکستان سے براہ راست پروازوں کی بحالی کے لیے یقین دہانی کرادی، واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی سلمان صوفی نے بتایا کہ امریکہ نے پاکستان سے براہ راست پروازوں پر رضا مندی ظاہر کی ہے، براہ راست پروازوں کے سلسلے میں امریکہ کی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کا نمائندہ ایئر پورٹس اور طیاروں کی جانچ کے لیے جلد پاکستان کا دورہ کرے گا، پی آئی اے کی براہ راست پروازیں تجارتی امور میں بھی کارآمد ثابت ہوں گی جب کہ کراچی پورٹ میں امریکی ادارہ برائے تجارت کی جانب سے نمائندے کی تعیناتی بھی کی جائے گی .

. .

متعلقہ خبریں