اسلام آباد (قدرت روزنامہ)چیئرمین پاکستان تحریکِ انصاف عمران خان کی جانب سے فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ آنے سے قبل سوشل میڈیا پر قرآن پاک کی ایک آیت شیئر کی گئی تھی .
سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی جانب سے سپریم کورٹ یا الیکشن کمیشن میں چل رہے کیسز پر فیصلہ آنے سے قبل یا تو قرآنی آیت یا پھر کوئی نہ کوئی تصویر یا ویڈیو شیئر ضرور کی جاتی ہے .
اس کا مقصد عمران خان کا اپنے بلند حوصلے سے متعلق حمایتیوں کو پیغام دینا ہوتا ہے .
آج بروز منگل، 2 اگست کو 8 سال قبل ممنوعہ فنڈنگ کیس میں محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا گیا . اس موقع پر بھی عمران خان نے اپنے سوشل میڈیا پر قرآنی آیت شیئر کی ہے جس میں اللّٰہ پر یقین اور اللّٰہ کی جانب سے آنے والی مدد سے متعلق پیغام دیا گیا ہے .
عمران خان کی جانب سے شیئر کی گئی آیت کا مفہوم ہے کہ ’نہ جھکو اور نہ غم کرو، جیت تمہاری ہی ہوگی، اگر تم سچے مومن ہو‘ . ( القرآن 3:139)
یاد رہے کہ یہی آیت عمران خان کی جانب سے وزیر اعظم کی کرسی چھوڑنے سے قبل رواں سال 9 اپریل کو بھی شیئر کی گئی تھی .
ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے ممنوعہ فنڈز لیے ہیں .
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ آج 8 سال بعد چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سنایا ہے .