کراچی: شاہین کمپلیکس چوک پر پائپ منی انڈر پاس بن گیا

کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی میں مصروف ترین مقام شاہین کمپلیکس چوک پر زیرِ زمین سیوریج لائن بیٹھنے سے پڑنے والے گڑھے کے قریب رکھے گئے پائپ کو موٹر سائیکل سواروں نے منی انڈر پاس بنا لیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک صارف نے ویڈیو شیئر کی ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ کراچی کے آئی آئی چندریگر روڈ اور ضیاء الدین احمد روڈ کے سنگم پر واقع شاہین کمپلیکس چوک پر زیرِ زمین سیوریج لائن بیٹھنے سے پڑنے والے گڑھے کے مقام پر وہاں ڈالنے کے لیے رکھے گئے پائپس میں سے ایک کو موٹر سائیکل سواروں نے اپنی راہ گزر بنا لیا ہے۔


اس دلچسپ صورتِ حال پر مذکورہ ٹوئٹر صارف نے سندھ حکومت پر طنز بھی کیا ہے۔واضح رہے کہ ٹریفک پولیس کے مطابق ہفتہ 30 جولائی کو شاہین کمپلیکس چوک سے گاڑی گزرنے پر ضیاء الدین احمد روڈ کی طرف جانے والی 72 انچ قطر کی سیوریج لائن بیٹھ گئی تھی جس سے سڑک پر گڑھا پڑ گیا تھا، تاہم اس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔
تعمیری کام شروع ہونے سے قبل ہی لوگوں کی حفاظت کے لیے ٹریفک پولیس کی جانب سے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کے سامنے موجود سڑک کے ایک ٹریک کو بند کر دیا گیا ہے جبکہ دوسرے ٹریک سے دو رویہ ٹریفک گزارا جا رہا ہے۔
سیوریج لائن بیٹھنے کے مقام پر ٹریفک پولیس نے بیریئر لگا دیے ہیں اور نفری بھی تعینات کر دی ہے، جبکہ گڑھا پڑنے کے کئی روز بعد بھی اب تک گڑھے کی مرمت کا کام مکمل نہیں ہوا ہے۔کئی کرینیں اور متعدد کارکن گڑھے کی مرمت میں دن رات مصروف ہیں۔