صدرِ مملکت کا آرمی چیف سے ٹیلی فون پر رابطہ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)صدرِ مملکت عارف علوی نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔آرمی چیف سے گفتگو کے دوران صدرِ مملکت نے بلوچستان میں پاک فوج کے ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے حادثے کے شہداء کے لیے اظہارِ افسوس کیا ہے۔
صدرِ مملکت نے ہیلی کاپٹر حادثے میں فوجی افسران اور جوانوں کی شہادت پر اظہارِ رنج و غم بھی کیا۔اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے صدرِ مملکت عارف علوی کو بتایا کہ امدادی سرگرمیوں کے دوران خراب موسم کی وجہ سے حدِ نگاہ کم ہوئی، جس کی وجہ سے ہیلی کاپٹر کو حادثہ پیش آیا۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ہیلی کاپٹر کا ملبہ حاصل کر لیا گیا ہے، ہیلی کاپٹر میں سوار تمام فوجی افسران و جوان جامِ شہادت نوش کر چکے ہیں۔
پاک فوج کے لاپتہ ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا: ISPR
واضح رہے کہ پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا ہے کہ بلوچستان کے ضلع خضدار میں پاک فوج کے لاپتہ ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا ہے، ہیلی کاپٹر میں سوار تمام 6 افراد شہید ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہیلی کاپٹر کے حادثے میں کور کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت 6 افسران اور جوان شہید ہوئے ہیں۔اک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ نے بتایا ہے کہ شہداء میں ڈی جی پاکستان کوسٹ گارڈ میجر جنرل امجد، کمانڈر انجینئر 12 کور بریگیڈیئر محمد خالد، میجر سعید احمد، میجر محمد طلحہٰ منان اور کریو چیف نائیک مدثر فیاض شامل ہیں۔