پچاس لاکھ روپے کی بریانی کے گھپلے کا انکشاف

مظفر آباد(قدرت روزنامہ) جموں و کشمیر اسپورٹس کونسل کے سینئرعہدیدار بریانی کے نام پر پچاس لاکھ روپے کے غبن میں ملوث پائے گئے ہیںیہ دعویٰ محکمہ برائے انسداد رشوت خوری (اے سی بی) نے اپنے بیان میں کیا ہے۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر ضمیر ٹھاکر اور دیگر عہدیداروں پر بدعنوانی کے الزام میں مقدمہ درج کیا ہے اور تحقیقات بھی شروع کردی گئی ہے۔ای سی بی کے مطابق فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر ضمیر ٹھاکر، خزانچی ایس ایس بنٹی، چیف ایکزیکٹو ایس اے حمید، ضلع صدر فیاض احمد اور دیگر عہدیداروں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ای سی بی کا کہنا ہے کہ ان عہدیداروں نے فٹبال سرگرمیوں کے لئےجموں و کشمیر اسپورٹس کونسل کی جانب سے پچاس لاکھ روپے کا غبن کیا ہے۔

غبن کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے ای سی بی حکام نے بتایا کہ ان عہدیداروں نے فنڈز کو ہوٹل سے بریانی خریدنے، کاغذات کی فوٹوا سٹیٹ کرانے اور ہارڈویئر سے سامان خریدنے میں خرچ کیا۔حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران یہ اس بات کا انکشاف ہوا کہ یہ تمام بلز فرضی ہیں اور ان فنڈز کو منظم طریقے سے غبن کیا گیا ہے۔ای سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ عہدیداروں کے خلاف بریانی اسیکنڈل میں فنڈز خورد برد کرنے پر مقدمہ درج کیا گیا ہے،واضح رہے کہ فٹ بال ایسوسی ایشن گزشتہ دہائیوں سے کشمیر میں فٹبال کو فروغ دینے کے نام پر کافی سرکاری فنڈز خرچ کرتے آئے ہیں، تاہم وادی میں سرینگر کے علاوہ دیگر اضلاع میں فٹ بال کی سرگرمیاں نہ کے برابر ہے۔