پابندی لگانے کی ہمت تو الیکشن کمیشن کو بھی نہیں ہوئی، اسد عمر

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ کوشش بہت کی مگر اتنی ہمت الیکشن کمیشن کو بھی نہیں ہوئی کہ پی ٹی آئی پر پابندی یا عمران خان کی سیاست ختم کرنے کا فیصلہ دے سکے۔اسلام آباد میں فرخ حبیب کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران اسد عمر نے کہا کہ کسی کو شک تھا الیکشن جانبدار ہے تو اب ختم ہوجانا چاہیے، الیکشن کمیشن سیاسی حریف ہے۔
انہوں نے کہا کہ بند کمروں میں بیٹھ کر ڈیل کی جاتی ہے، عوام کو سمجھنے کی ضرورت ہے کہ تماشا ہو کیا رہا ہے؟ آج کئی سال سے چلنے والے ڈرامے کی تازہ قسط پیش کی گئی۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم نے نئی قسط میں کہا کہ ملک کے ساتھ بڑا ظلم ہو گیا، ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے پتا نہیں ملک کے ساتھ کیا کردیا۔اُن کا کہنا تھا کہ پاکستانی سیاست میں شدید جدوجہد چل رہی ہے، ایک لیڈر ایسا بھی آ گیا ہے جو اللّٰہ کے سوا کسی سے نہیں ڈرتا اور کہتا ہے عوام کے زور پر سیاست کرنی ہے۔اسد عمر نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں چند خاندان حرام کا پیسہ استعمال کر کے سیاست کرتے ہیں، وہ اس پیسے سے لوٹے خریدتے اور اسٹیبلشمنٹ سے ڈیل کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چار ماہ میں پاکستان کےعوام نے اپنی قوت دکھائی، انہوں نے بتادیا کہ بند کمروں میں فیصلے نہیں ہونے دیں گے، وہ غلام نہیں ہوں گے۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ اب ایک لرزہ طاری ہے کہ عمران خان کیوں کھڑا ہوگیا ہے، جس کے پاس عوام کی طاقت ہے، جو کہتا ہے طاقتوروں سے نہیں پیسہ بھی عوام سے لوں گا۔
اُن کا کہنا تھا کہ پیسے کے بغیر سیاست نہیں ہوسکتی، عمران خان نے اس مشکل چیز کو عوام کی مدد سے توڑا، وہ خیرات کے لیے سب سے زیادہ پیسہ اکٹھا کرنے والے شخص ہیں۔اسد عمر نے کہا کہ عمران خان نے شوکت خانم ایک یا دو نہیں تین بنا دیے ہیں، عوام کو اس پر اعتبار ہے۔انہوں نے کہا کہ جو جہاں کھڑا ہے اس کی حقیقت عوام کے سامنے آشکار ہوچکی ہے، پی ٹی آئی کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ لینے کا الزام لگا کر قوم کے ساتھ سازش کی گئی۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے 3 الزامات لگائے ہیں، ای سی پی ہمت کرکے پی ٹی آئی کے اکاؤنٹس کی تفصیلات ویب سائٹ پر اپلوڈ کردے۔ ای سی پی میں اگر ہمت ہے تو ن لیگ اور پی پی کے اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی اپلوڈ کردے۔اُن کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے جن خفیہ اکاؤنٹس کا ذکر کیا وہ کب کے ظاہر کر چکے ہیں، ایسا لگتا ہے الیکشن کمیشن کا فیصلہ چھ سال پہلے لکھا گیا تھا، ان سب سے تعزیت کرنا چاہتا ہوں جو اس انتظار میں بیٹھے تھے کہ پی ٹی آئی پر پابندی لگے گی اور اس کی سیاست ختم ہوجائے گی۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے تمام پارٹیز کا برابر فیصلہ کرنے کو کہا تھا، جو آج الیکشن کمیشن نے کیا یہ سپریم کورٹ کے 2017 کے فیصلے کی خلاف ورزی ہے، پاکستان کے چند طاقتور حلقے ملک پر قابض رہنا چاہتے ہیں۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ امریکا، کینیڈا میں فنڈز لینے کا طریقہ کار موجود ہے، امریکا میں پی ٹی آئی ایل ایل سی کے فنڈز کو بھی ممنوعہ قرار دیا، امریکا تو نہیں کہہ رہا کہ ان کے قانون کی خلاف ورزی ہوئی ہے، ان کو یہاں بیٹھ کر پتا ہے کہ امریکی قانون کی خلاف ورزی کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے عمران خان کے جھوٹے بیان حلفی کا ذکر اپنے اختیار سے بڑھ کر کیا، پولیٹیکل پارٹیز ایکٹ 2002ء میں حلف نامے کا نہیں سرٹیفکیٹ کا ذکر ہے۔اسد عمر نے کہا کہ عمران خان کی سیاست کو نہ پہلے خطرہ تھا اور نہ اب خطرہ ہے، پارٹی چیئرمین قانون کے اندر دیے الفاظ پر مبنی سرٹیفکیٹ الیکشن کمیشن میں جمع کراتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حالیہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو کہہ چکے ہیں کہ نواز شریف نے بینظیر بھٹو کی حکومت گرانے کے لیے اسامہ بن لادن سے پیسہ لیا۔