پی کے اور لال سنگھ چڈھا کو یکساں قرار دینے پر عامرخان کا ردعمل

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے اپنی نئی آنے والی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ اور 2014 میں ریلیز ہونے والی فلم ’پی کے‘ میں پیش کی گئی پرفارمنس کو فلم بینوں کی جانب سے یکساں قرار دینے پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ واضح رہے کہ عامر خان کی نئی فلم لال سنگھ چڈھا اس ماہ کی گیارہ تاریخ کو ریلیز ہوگی، جس میں عامر خان نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران مسٹر پرفیکشنسٹ کا کہنا تھا کہ ان دونوں میں صرف ایک ہی مماثلت ہے اور وہ لال اور پی کے ہے۔ انہوں نے اپنے پرستاروں سے کہا کہ وہ پوری مووی دیکھیں اس کے بعد خود فیصلہ کریں۔
یاد رہے کہ مئی میں لال سنگھ چڈھا کے ٹریلر کی ریلیز کے بعد پرستاروں نے سوشل میڈیا پر فلم کے حوالے سے مایوسی کا اظہار کیا تھا، متعدد پرستاروں کے مطابق عامر خان کی فلموں جیسے پی کے، تھری ایڈیٹس اور دھوم تھری شامل ہیں، ان کی آنکھوں کا انداز ایسا ہوتا ہے جیسے وہ حیران اور پلک جھپکائے بغیر دیکھ رہے ہوں۔
تاہم عامر خان یہ بات ماننے کو تیار نہیں، ان کا فلم بینوں سے یہی کہنا ہے کہ پہلے وہ فلم دیکھیں پھر فیصلہ کریں۔ ان کے مطابق پی کے اور لال سنگھ میں یکساں بات یہ ہے کہ دونوں ہی نہایت ہی معصوم ہیں بس اور یہی ان میں یکسانیت ہے، تاہم صرف ٹریلر دیکھ کر اپ پوری فلم کے بارے میں کوئی حتمی بات نہیں کہہ سکتے۔