اسلام آباد(قدرت روزنامہ) الیکشن کمیشن کی جانب سے ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ آنے کے بعد پاکستان مسلم لیگ ن کی اتحادی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی نا اہلی کیلئے سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کیا جائے گا . وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قانونی ٹیم کے اجلاس میں ہوا، اجلاس میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے شرکاء کو بریفنگ دی .
ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تحریک انصاف پر پابندی اور عمران خان کی نااہلی کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کیا جائے گا .
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران عمران خان اور دیگر قیادت کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ کیا گیا اور نام نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری کل وفاقی کابینہ کرے گی . اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ریڈ زون میں تحریک انصاف سمیت کسی بھی جماعت کو احتجاج نہیں کرنے دیا جائے گا .
ذرائع کے مطابق ممنوعہ فنڈنگ کیس میں عمران خان کو نااہل کرنے کیلئے سپریم کورٹ ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا . اجلاس کے دوران گفتگو میں جے یو آئی ف کے وزرا نے زور دیا کہ تحریک انصاف کیخلاف کارروائی کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے . پیپلزپارٹی کے وزرا نے موقف اپنایا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جانی چاہئے .
پی ٹی آئی عہدیداروں کے خلاف آپریشن کلین اپ شروع ہونے کا امکان
ذرائع کے مطابق قانونی ماہرین کی رائے میں عملی اقدام ہوگا، عمران خان کی نااہلی کے لئے قانونی کارروائی کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے، عمران خان کے ساتھیوں کی گرفتاری ہوگی اور ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں آئے گی .
ذرائع کے مطابق پورے پاکستان میں مختلف ٹیمیں بیک وقت کارروائی کریں گی، ایف آئی اے اور دیگر متعلقہ ادارے کارروائی کریں گے، عمران خان کے خلاف الیکشن کمشن کی 12 نکاتی چارج شیٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی، عمران خان کے خلاف کئی چارجز کے تحت کارروائی ہوسکتی ہے .
ذرائع کے مطابق آئندہ چند دن میں پی ٹی آئی کے مرکزی اور صوبائی عہدیداروں کے خلاف آپریشن کلین اپ شروع ہونے کا امکان ہے . ذرائع کے مطابق اسد قیصر، قاسم سوری، عمران اسماعیل، شاہ فرمان، پنجاب کے سابق سینئر وزیرمیاں محمود الرشید، نجیب ہارون، ثمرعلی خان، سابق ایم پی اے سیما ضیاء، عامر کیانی، سیف اللہ نیازی، ڈاکٹر ہمایوں مہمند، کرنل (ر) یونس علی رضا، طارق شیخ، سردار اظہر طارق کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی .
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی سنٹرل سیکریٹریٹ کے 4 ملازمین طاہراقبال، محمد نعمان افضل، محمد ارشد اور محمد رفیق کو شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ مرکزی فنانس بورڈ کے 6 ارکان کے خلاف بھی قانونی کارروائی ہوگی .